شائستہ خان نے بجٹ کو عوام دوست قرار دیتے ہوئے حکومت کو خراج تحسین پیش کیا

4

اسلام آباد، 12 جون (اے پی پی): ممبر قومی اسمبلی شائستہ خان نے وفاقی بجٹ کو عوام دوست قرار دیتے ہوئے وزیراعظم محمد شہباز شریف، ان کی ٹیم اور ملکی دفاع کو مضبوط بنانے کی کوششوں پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔

اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے ایک متوازن اور مثبت بجٹ پیش کیا ہے جس پر وزیراعظم اور ان کی پوری ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔ انہوں نے فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کی قیادت میں دفاعی صلاحیتوں کے استحکام کو سراہتے ہوئے کہا کہ آج پاکستان عالمی سطح پر وقار کے ساتھ اپنی نمائندگی کر رہا ہے۔

شائستہ خان نے کہا کہ بجٹ میں تنخواہ دار طبقے کو ریلیف دیا گیا ہے، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا گیا ہے اور ٹیکسوں میں بھی رعایتیں دی گئی ہیں، جس سے عام آدمی کو سہولت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ غریب عوام کی ضروریات کا خیال رکھنا ریاست کی اولین ذمہ داری ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے زرعی شعبے پر بھی خصوصی توجہ دی ہے اور زرخیزی سے متعلق منصوبوں کے لیے مزید وسائل مختص کیے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ زراعت پاکستان کی معیشت کی بنیاد ہے اور اس شعبے کی ترقی سے ملکی خوشحالی میں اضافہ ہوگا۔

ممبر قومی اسمبلی نے وزیراعظم یوتھ پروگرام کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کی تعلیم، مہارتوں اور آئی ٹی کے شعبے میں ترقی کے لیے اقدامات خوش آئند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو جدید علوم اور زرعی تحقیق کے لیے بیرون ملک بھیجنے سمیت مختلف مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں، جو مستقبل میں پاکستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے ہاتھ میں قلم تھمانے اور انہیں بااختیار بنانے کی سوچ پاکستان کو مزید مضبوط بنائے گی اور آنے والے وقت میں ملک کی معاشی استحکام کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔