رکن قومی اسمبلی ریاض فتیانہ کا ہائر ایجوکیشن، برآمدات اور زرعی شعبے کے لیے مزید اقدامات پر زور

3

اسلام آباد،13 جون(اے پی پی ): رکن قومی اسمبلی ریاض فتیانہ نے کہا ہے کہ ملک میں تعلیم، بالخصوص ہائر ایجوکیشن کے شعبے کے لیے مزید فنڈز مختص کیے جانے چاہئیں تاکہ اعلیٰ تعلیم، تحقیق اور علمی ترقی کو فروغ دیا جا سکے اور نوجوانوں کو بہتر تعلیمی مواقع میسر آ سکیں۔

قومی اسمبلی میں بجٹ 26-2025 کے اجلاس کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ برآمدات میں اضافے اور تحقیق و ترقی کے میدان میں پیش رفت کے لیے مزید مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ ملکی معیشت کو مضبوط بنیادوں پر استوار کیا جا سکے۔انہوں نے زرعی شعبے کے حوالے سے اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ زراعت ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور جب تک اس شعبے کی ترقی پر خصوصی توجہ نہیں دی جائے گی، پائیدار معاشی ترقی کا ہدف حاصل نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے زور دیا کہ کاشتکاروں کی ترقی اور فلاح و بہبود کو اولین ترجیح دی جانی چاہیے تاکہ زرعی پیداوار میں اضافہ اور دیہی معیشت کو مزید مستحکم بنایا جا سکے۔