اسلام آباد14,جون (اے پی پی ): رکن قومی اسمبلی مرزا اختیار بیگ نے بجٹ میں عوامی فلاح کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے معاشی استحکام، دفاعی ضروریات اور قرضوں کی ادائیگی کے لیے اٹھائے گئے اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔
قومی اسمبلی میں بجٹ 2026-27 پر اظہار خیال کرتے ہوئے ا رکن قومی اسمبلی مرزا اختیار بیگ نے کہا کہ ملک کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنانے اور مالی ذمہ داریوں کی بروقت ادائیگی کے لیے یہ اقدامات ناگزیر ہیں، جو مجموعی معاشی استحکام میں مددگار ثابت ہوں گے۔
انہوں نے رئیل اسٹیٹ سیکٹر کے لیے دیے جانے والے ریلیف کو بھی خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ اس سے نہ صرف اس شعبے کی ترقی ممکن ہوگی بلکہ سرمایہ کاری کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے، جو معیشت کے لیے مثبت پیش رفت ہے۔
مرزا اختیار بیگ نے سولر پینلز پر جنرل سیلز ٹیکس (جی ایس ٹی) میں کمی یا مکمل خاتمے کی سفارش بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے عام اور خصوصاً غریب طبقے کو براہ راست ریلیف ملے گا اور قابلِ تجدید توانائی کے استعمال کو فروغ حاصل ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ توانائی کے متبادل ذرائع کو فروغ دینا وقت کی ضرورت ہے، اور اس سلسلے میں پالیسی سطح پر عملی اقدامات کیے جانے چاہئیں تاکہ عوام کو سستی اور ماحول دوست توانائی میسر آ سکے۔











