اسلام آباد،14جون (اے پی پی )؛ رکن قومی اسمبلی میر خان محمد جمالی نے کہا ہے کہ ملک کی تقریباً 70 فیصد آبادی کا انحصار زراعت کے شعبے پر ہے، اس لیے اس شعبے کو مزید توجہ اور خصوصی ریلیف فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ زراعت ملک کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، لہٰذا اس کے لیے زیادہ سے زیادہ سہولیات دی جانی چاہئیں تاکہ کسان خوشحال ہو اور ملکی معیشت مضبوط ہو۔
قومی اسمبلی میں بجٹ 2026-27 پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 7 فیصد اضافے کو ناکافی قرار دیتے ہوئے اسے مزید بڑھانے کی تجویز پیش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ مہنگائی کے پیش نظر ملازمین کو زیادہ ریلیف دینا ناگزیر ہے تاکہ ان کی مالی مشکلات میں کمی آ سکے۔
میر خان محمد جمالی نے بلوچستان میں روزگار کے مواقع کی فراہمی پر بھی زور دیا اور کہا کہ صوبے میں بے روزگاری کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے لوڈ شیڈنگ، پینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی اور سڑکوں سمیت مواصلاتی نظام کی بہتری کو بھی فوری ضرورت قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے، کیونکہ ان مسائل کے حل کے بغیر پائیدار ترقی ممکن نہیں۔











