اسلام آباد، 16جون(اے پی پی):نیشنل ٹیرف کمیشن (این ٹی سی) اور پاکستان سنگل ونڈو (پی ایس ڈبلیو) کے درمیان ٹیرف و تجارتی پالیسی تجزیہ، ڈیٹا شیئرنگ اور تجارتی اقدامات کے عمل کو جدید، تیز اور مؤثر بنانے کے لیے آٹومیشن و ڈیجیٹلائزیشن کے معاہدے پر دستخط کیے گئے۔
معاہدے پر چیئرمین نیشنل ٹیرف کمیشن ڈاکٹر جواد اویس آغا اور پاکستان سنگل ونڈو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سید آفتاب حیدر نے دستخط کیے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان اور سیکریٹری تجارت جواد پال بھی موجود تھے۔
وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نیشنل ٹیرف کمیشن کی ڈیجیٹل تبدیلی اور اصلاحاتی اقدامات کو سراہا اور کہا کہ ایک مضبوط، مؤثر اور ڈیجیٹل نیشنل ٹیرف کمیشن پاکستان کی تیز رفتار معاشی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل نظام کے ذریعے تجارتی پالیسیوں کے نفاذ اور تجزیے کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جا سکے گا، جس سے کاروباری برادری اور ملکی معیشت کو فائدہ پہنچے گا۔
تقریب میں بتایا گیا کہ ڈیجیٹلائزیشن کے ذریعے این ٹی سی کے کیسز کے فیصلوں میں تیزی، شفافیت اور مجموعی تجارتی نظام میں بہتری آئے گی۔ پاکستان سنگل ونڈو اور نیشنل ٹیرف کمیشن نے مسابقتی اور ترقی دوست تجارتی نظام کے فروغ کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔











