صومالیہ میں یرغمال 10 پاکستانیوں کی رہائی کے لیے حکومتی کوششیں جاری ہیں ؛ وزیر قانون

3

اسلام آباد، 16 جون (اے پی پی):وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ صومالیہ میں یرغمال بنائے گئے 10 پاکستانیوں کی رہائی کے معاملے سے حکومت غافل نہیں ہے اور ان کی باحفاظت واپسی کے لیے تمام سفارتی ذرائع استعمال کیے جا رہے ہیں۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں رکن عبدالقادر پٹیل کی جانب سے یہ معاملہ اٹھائے جانے پر وزیر قانون نے ایوان کو تفصیلات سے آگاہ کیا۔ اعظم نذیر تارڑ نے بتایا کہ جب پہلی بار یہ معاملہ ایوان میں اٹھایا گیا تھا تو اسی روز نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے فوری رابطہ کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ نائب وزیراعظم نے خود صومالیہ کے اپنے ہم منصب سے ٹیلی فون پر رابطہ کر کے پاکستانی شہریوں کی رہائی کا معاملہ اٹھایا۔

وزیر قانون کا کہنا تھا کہ سیکرٹری خارجہ بھی صومالیہ کے متعلقہ حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں اور صورتحال کی لمحہ بہ لمحہ نگرانی کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ جبوتی میں پاکستان کا مشن بھی اس معاملے کو دیکھ رہا ہے اور مقامی سطح پر کوششیں جاری ہیں۔اعظم نذیر تارڑ نے ایوان کو یقین دلایا کہ یرغمالی بنائے گئے تمام افراد پاکستان کے شہری ہیں اور حکومت ان کی سلامتی اور جلد رہائی کے لیے پوری طرح متحرک ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اپنے شہریوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔