وزیراعظم محمد شہباز شریف سے مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والی خواتین ارکانِ پارلیمنٹ کی ملاقات

4

اسلام آباد: 17 جون (اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف سے مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والی خواتین ارکانِ پارلیمنٹ کی ملاقات ہوئی۔ وزیرِ اعظم نے خواتین ارکان پارلیمنٹ کا خیر مقدم کیا اور جاری بجٹ اجلاس میں بھرپور شرکت پر بھی اظہار تشکر کیا۔

اس موقع پر وزیرِ اعظم نے کہا کہ حکومت نے جس قدر ممکن ہو سکا، بجٹ میں عوام کو ریلیف دینے کی کوشش کی ہے. بجٹ میں ملک میں خواتین کو خودمختار بنانے اور انکی قومی دھارے میں شمولیت میں اضافے کیلئے اقدامات شامل ہیں۔

پاکستانی خواتین کو ملکی ترقی میں بھرپور کردار ادا کرنے کیلئے با اختیار بنانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں. اللہ کے فضل و کرم سے خطے میں کشیدگی کے بادل چھٹے اور امن کے قیام کی کوششیں بر آئیں. دوست ممالک کے شکر گزار ہیں جنہوں نے امن کے قیام کی کوششوں میں بھرپور ساتھ دیا۔

انھوں نے کہا کہ کشیدگی کے آغاز سے ہی حکومت پاکستان بالخصوص فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی اور حکومت پاکستان کی پوری ٹیم امن کے قیام کی کوششوں میں خلوص نیت کے ساتھ سرگرم عمل رہی، خطے اور عالمی امن کے دیر پا قیام سے ہی پاکستان اور دیگر ممالک کی معاشی ترقی کا خواب پورا ہوگا۔

حالیہ بحران میں سب سے پہلے قربانی کا آغاز کابینہ اور سرکاری اداروں سے کیا. یہ ممکن نہیں کہ اس ملک کے عوام قربانی دیں اور اشرافیہ مراعات حاصل کرتی رہے. انھوں نے کہا کہ حکومت نے 128 ارب روپے کی سبسڈی اور بڑے پیمانے پر کفایت شعاری مہم سے عوام کی پریشانیوں کو کم کرنے کی بھرپور کوشش کی.حالیہ حالات میں ملکی معیشت کو مستحکم رکھنے کے لیے وفاق اور صوبوں نے مکمل تعاون کیا جس پر صوبائی حکومتوں کے تہہ دل سے مشکور ہیں۔

خواتین اراکین پارلیمنٹ نے عالمی و خطے میں امن کے قیام کی کاوشوں پر وزیراعظم کو  بھرپور خراج تحسین پیش کیا۔

خواتین ارکان پارلیمنٹ نے وزیرِ اعظم اور حکومتی معاشی ٹیم کو بجٹ میں خواتین کو با اختیار بنانے اور انہیں یکسان تعلیم و ترقی کے مواقع فراہم کرنے کیلئے اقدامات شامل کرنے پر بھرپور خراج تحسین پیش کیا۔

ملاقات میں ارکان پارلیمنٹ سیدہ نوشین افتخار، بیگم تہمینہ دولتانہ، شائستہ خان، طاہرہ اورنگزیب، شائستہ پرویز، منیبہ اقبال، نزہت صادق، مسرت آصف خواجہ، رومینہ خورشید عالم، زیب جعفر، کرن عمران ڈار، زہرہ ودود فاطمی، آسیہ ناز تنولی، صبا صادق، فرح ناز اکبر، شہناز سلیم ملک، زینب محمود بلوچ، کرن حیدر، اختر بی بی، غزالہ انجم، مس شاہین، ثمر ہارون بلور، سعیدہ جمشید، تمکین اختر نیازی، سائرہ تاررڑ، ہما اختر چغتائی، ماہ جبین خان عباسی، گلناز شہزادی، شمائلہ رانا، شازیہ فرید، سیدہ آمنہ بتول، رابعہ نسیم فاروقی، ارم حامد حمید اور مس نیلم شریک تھیں۔

اجلاس میں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیر آئی ٹی شزہ فاطمہ خواجہ، وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، وزیرِ برائے امور عامہ یونٹ رانا مبشر اقبال، وزراء مملکت شزرا منصب علی خان کھرل، وجیہہ قمر اور معاون خصوصی طلحہ برکی بھی شریک تھے۔