مسلح افواج نے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا، مہرین رزاق بھٹو

2

اسلام آباد،17جون(اے پی پی): رکن قومی اسمبلی مہرین رزاق بھٹو نے معرکہ حق میں پاکستانی افواج کی کامیابی پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلح افواج نے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا۔ انہوں نے وزیراعظم محمد شہباز شریف، صدر آصف علی زرداری اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو بھی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ پاکستان کی کامیاب سفارتی کوششوں کے باعث دنیا تیسری عالمی جنگ کے خطرے سے نکل کر امن کی جانب بڑھی، جس سے عالمی سطح پر ملک کا مثبت تشخص اجاگر ہوا۔

آج قومی اسمبلی میں بجٹ 27-2026 پر جاری بحث میں حصہ لیتے ہوئے مہرین رزاق بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے لیے فنڈز مختص کرنے کا اقدام معاشرے کے کمزور اور مستحق طبقات کے لیے ایک بڑا ریلیف ثابت ہوگا، جس سے عام آدمی کو بھی سہارا ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ بی آئی ایس پی خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے میں بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے اور اس سے خواتین خاندان میں ایک مضبوط کردار کے طور پر ابھر رہی ہیں۔

انہوں نے بی آئی ایس پی کے نشوونما پروگرام کے تحت غذائی قلت اور نشوونما کی کمی کا شکار بچوں کی بہتری کے لیے مزید اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔ مہرین رزاق بھٹو نے نوجوانوں کے لیے روزگار کے مزید مواقع پیدا کرنے، کسانوں کے لیے نئی سکیمیں متعارف کرانے اور اوورسیز پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کے لیے مزید اقدامات کی بھی سفارش کی۔