لاہور،17 جون(اے پی پی) : وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا ہے کہ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ڈی پی) کے تحت 51 شہروں میں 52 زیر زمین واٹر سٹوریج ٹینک مکمل ہوگئے ہیں جبکہ مزید 43 واٹر سٹوریج ٹینک تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں۔ گارڈن ٹاؤن میں پی ڈی پی کے پروگرام مینجمنٹ یونٹ (پی ایم یو) میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی کے تحت41 کلومیٹر نئی ڈرین بن رہی ہے جبکہ 13 کلومیٹر موجودہ ڈرین بحال کی جائے گی۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں، پراجیکٹ ڈائریکٹر شاہد زمان لک، ایڈیشنل سیکرٹری مہرین فہیم عباسی اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ بورڈ احمر کیفی نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے انڈر گراؤنڈ ٹینکس کو تیار شدہ ڈرینز کے ساتھ منسلک کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تمام انڈر گراؤنڈ واٹر ٹینکس میں مجموعی طور پر 55 ملین گیلن پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش ہوگی۔ انڈرگراؤنڈ واٹر ٹینکس میں جمع بارش کا زائد پانی ڈرینز میں چلا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تمام میونسپل آفیسرز انفراسٹرکچر(ایم او آئی) ڈرینز کی صفائی کی رپورٹ بھجوائیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ایم او آئیز مون سون کے آغاز سے پہلے ڈی سلٹنگ کا کام مکمل کر لیں۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ اربن فلڈنگ سے نبٹنے کیلئے 40 جیٹنگ اور سکشن مشینیں فیلڈ میں بھجوا دی گئی ہیں۔ مزید 30 سکشن یونٹ 25 جون اور 21 مشینیں 30 جون تک ملنے کی امید ہے۔ اسی طرح کُل 77 ڈی سلٹنگ مشینوں میں سے 50 مختلف شہروں میں بھیج دی گئی ہیں۔ ذیشان رفیق نے اس توقع کا اظہار کیا کہ 27 ڈی سلٹنگ یونٹس کی 20 جون تک ڈیلیوری ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ کمپنی نے 100 ڈی واٹرنگ سیٹ بھی جلد ڈیلیور کرنے کا وعدہ کیا ہے۔ جدید مشینری اب صرف بڑے شہروں تک محدود نہیں رہے گی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ہر شہر کیلئے نکاسی آب کی مشینری فراہم کرنے کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی سہولت کیلئے 31 شہروں میں ڈبل شفٹ میں کام کیا جا رہا ہے۔ وزیر بلدیات نے زور دیا کہ جہاں ضروری ہو وہاں دن رات کام جاری رکھا جائے۔











