ملتان 17 جون )اے پی پی): کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں کی زیر صدارت وزیراعلیٰ پنجاب کے فلیگ شپ پروگرام ’’مثالی گاؤں‘‘ پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈویژن کے چاروں اضلاع ملتان، خانیوال، لودھراں اور وہاڑی میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
کمشنر عامر کریم خاں نے ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں میں حائل تمام رکاوٹیں فوری طور پر دور کی جائیں اور منصوبوں کے معیار و رفتار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ’’مثالی گاؤں‘‘ منصوبہ دیہی علاقوں میں شہری معیار کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے حکومت پنجاب کا اہم اقدام ہے اور تمام منصوبے مقررہ مدت کے اندر مکمل کیے جائیں۔
انہوں نے ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ فیلڈ مانیٹرنگ کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ ترقیاتی کاموں کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملتان ڈویژن کے 62 دیہات میں ’’مثالی گاؤں‘‘ منصوبے کے تحت ترقیاتی کام جاری ہیں۔ منصوبے کے تحت صاف پینے کے پانی، سیوریج و ڈرینج سسٹم، سٹریٹ پیومنٹس، سٹریٹ لائٹس، پارکس اور شجرکاری سمیت مختلف ترقیاتی سکیموں پر کام کیا جا رہا ہے۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ منصوبے کی مجموعی لاگت 7 ارب 87 کروڑ روپے ہے۔
اجلاس میں بعض مقامات پر اراضی کی دستیابی اور دیگر انتظامی رکاوٹوں سے متعلق مسائل پر بھی غور کیا گیا اور ان کے فوری حل کے لیے متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات جاری کی گئیں۔
اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔











