اسلام آباد، 18 جون (اے پی پی): وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف سے پاکستان میں تعینات ترکیہ کے سفیر عرفان نذیر اوغلو نے جمعرات کو ان کے دفتر میں ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، مسلم دنیا کو درپیش چیلنجز، بین المذاہب ہم آہنگی، مذہبی و ثقافتی روابط اور باہمی تعاون کے فروغ سمیت مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر سردار محمد یوسف نے پاکستان اور ترکیہ کے تاریخی، مذہبی اور ثقافتی تعلقات کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے عوام مذہب، مشترکہ تہذیبی ورثے اور صوفیائے کرام کی تعلیمات کے ذریعے مضبوط رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات محض سفارتی نوعیت کے نہیں بلکہ دونوں قومیں ایک دوسرے کے دکھ سکھ کی حقیقی شریک ہیں۔
وفاقی وزیر نے مشرق وسطیٰ میں امن کے قیام اور امت مسلمہ کے اتحاد کے لیے ترک صدر کی کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے اس حوالے سے وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے کردار اور پاکستان کی امن پسند پالیسی سے بھی ترک سفیر کو آگاہ کیا۔
ترک سفیر عرفان نذیر اوغلو نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو دونوں ممالک کا قیمتی اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ترکیہ کی حکومت پاکستان کی ترقی، استحکام اور خوشحالی کو پوری امت مسلمہ کی مضبوطی تصور کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترکیہ مختلف شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھے ہوئے ہے اور اب تک ملک بھر میں 700 سے زائد فلاحی و ترقیاتی منصوبے مکمل کیے جا چکے ہیں۔
ترک سفیر نے مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ مسلم دنیا کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے باہمی تعاون اور اتحاد ناگزیر ہے۔
ملاقات میں ترکیہ کے مذہبی امور کے اتاشی ڈاکٹر عبدالرحمن اکوش، ٹیکا (TİKA) پاکستان کی کنٹری ہیڈ صالحہ تُونا اور ترک ہلال احمر (ترک قزلائے) کی نمائندہ بھی موجود تھیں۔











