وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ بجٹ پر بحث کے دوران حکومت اور اپوزیشن دونوں جانب سے اراکین نے بھرپور حصہ لیا جبکہ وزیر خزانہ نے اراکین کی جانب سے اٹھائے گئے نکات کا جامع جواب دیا۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمان کو مضبوط بنانے اور جمہوری عمل کو مؤثر بنانے میں حکومت اور اپوزیشن دونوں کا مشترکہ کردار اہم ہے۔
ہفتہ کو قومی اسمبلی میں لازمی اخراجات پر جاری بحث سمیٹتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ججز کی تقرری میں پارلیمان کا کردار بحال کیا، آئینی مقدمات کی سماعت کے لیے آئینی عدالت قائم کی اور قومی اسمبلی و سینیٹ کی قائمہ کمیٹیوں کو مزید بااختیار بنایا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے عام، ضمنی اور بلدیاتی انتخابات شفاف انداز میں منعقد کرائے۔
انہوں نے کہا کہ ایک مضبوط فوج اور مضبوط قومی ادارے پاکستان کی سلامتی اور مضبوط وفاق کے ضامن ہیں، اس لیے قومی اداروں پر بلاجواز تنقید سے گریز کیا جانا چاہیے۔
طارق فضل چوہدری نے کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز کے باوجود پاکستان نے حالیہ عرصے میں اہم سفارتی کامیابیاں حاصل کی ہیں اور عالمی سطح پر اس کا وقار بلند ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور نائب وزیراعظم سینیٹر اسحاق ڈار نے مختلف علاقائی امور میں اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے شہداء کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وطن کے دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔











