اسلام آباد، 21 جون (اے پی پی): قومی اسمبلی کے بجٹ اجلاس 2026-27 میں وزارت توانائی کے مطالبات زر پر حزب اختلاف کی کٹوتی کی تحریکوں کا جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا کہ حکومت نے بجلی کے شعبے پر قومی خزانے کا بوجھ 1287 ارب روپے سے کم کر کے 700 ارب روپے تک محدود کر دیا ہے، جس سے 587 ارب روپے کی کمی آئی ہے، جبکہ پاور سیکٹر کے گردشی قرضے میں 780 ارب روپے کی کمی لائی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تقسیم کار کمپنیوں کے نقصانات 591 ارب روپے سے کم ہو کر 335 ارب روپے رہ گئے ہیں اور مختلف اصلاحات کے ذریعے عوام پر مالی بوجھ کم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نجکاری اور مسابقتی نظام کی حامی ہے اور بجلی کی ترسیل کے نظام میں بہتری کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ اقتصادی بنیادوں پر کی جانے والی لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لیے ٹرانسفارمر کی سطح پر نظام متعارف کرایا جا رہا ہے تاکہ بل ادا کرنے والے صارفین کو بلا تعطل بجلی فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بجلی کے بلوں سے پی ٹی وی فیس ختم کر دی گئی ہے۔











