لاہور، 22 جون (اے پی پی): مہاراجہ رنجیت سنگھ کی برسی کی تقریبات میں شرکت کے لیے پاکستان آنے والے بھارتی سکھ یاتریوں نے ننکانہ صاحب میں بابا گورو نانک دیو جی کے جنم استھان گردوارہ جنم استھان کا دورہ کیا اور اپنی مذہبی رسومات و عبادات ادا کیں۔گردوارہ جنم استھان آمد پر ڈپٹی سیکرٹری شرائنز فراز عباس نے یاتریوں کا استقبال کیا۔ اس موقع پر متروکہ وقف املاک بورڈ کی جانب سے یاتریوں کے لیے رہائش، لنگر، ٹرانسپورٹ، طبی امداد اور دیگر سہولیات کے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔سکھ یاتریوں نے بابا گورو نانک دیو جی کے جنم استھان پر ماتھا ٹیکا، خصوصی دعائیں کیں اور مذہبی عبادات میں حصہ لیا۔ گردوارہ جنم استھان میں یاتریوں کی آمد کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے جبکہ ضلعی انتظامیہ بھی مکمل طور پر متحرک رہی۔متروکہ وقف املاک بورڈ کے مطابق سکھ یاتری 23 جون کو بھوگ اکھنڈ پاٹھ صاحب کی رسومات میں شرکت کریں گے۔ ننکانہ صاحب کی یاترا مکمل کرنے کے بعد یاتری گردوارہ سچا سودا فاروق آباد کا دورہ کریں گے، جہاں مذہبی رسومات کی ادائیگی کے بعد ان کا قافلہ گردوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال روانہ ہوگا۔ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز ناصر مشتاق نے کہا کہ پاکستان سکھ یاتریوں کو محفوظ، پُرامن اور دوستانہ ماحول فراہم کر رہا ہے اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے بہترین انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ قمرالزمان کی ہدایت پر سکھ یاتریوں کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ انہیں اپنے مذہبی فرائض کی ادائیگی میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ناصر مشتاق نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ یاتریوں کو ہر ممکن سہولت کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ رہائش، لنگر، ٹرانسپورٹ، طبی امداد اور سیکیورٹی کے جامع انتظامات کیے گئے ہیں اور سکھ یاتریوں کی خدمت اور سہولت متروکہ وقف املاک بورڈ کی اولین ترجیح ہے۔بھارتی سکھ یاتریوں نے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے حکومت پاکستان، متروکہ وقف املاک بورڈ اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے فراہم کی جانے والی سہولیات کو سراہا۔











