مظفرآباد، 20 جون:)اے پی پی): کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے کور ممبران کی جانب سے لاتعلقی کا سلسلہ جاری ہے۔
باغ سے تعلق رکھنے والے کور ممبر اور آل آزاد کشمیر انجمن تاجران کے چیئرمین افتخار محمود نے ویڈیو پیغام کے ذریعے کالعدم کمیٹی سے لاتعلقی کا اعلان کر دیا۔
اپنے ویڈیو پیغام میں افتخار محمود نے کہا کہ بطور کور ممبر کالعدم ایکشن کمیٹی و چیئرمین آل آزاد کشمیر انجمن تاجران انتشاری کمیٹی کی سرگرمیوں سے شدید اختلاف کرتا ہوں۔ انہوں نے ریاست مخالف پرتشدد کارروائیوں میں ملوث کالعدم ایکشن کمیٹی سے مکمل لاتعلقی اور بائیکاٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ *ہماری پرامن تحریک کا رخ موڑ کر اسے پاکستان اور کشمیر کے لازوال رشتے کو نقصان پہنچانے کے لیے استعمال کیا گیا ہے۔
افتخار محمود نے کہا کہ انتشاری کمیٹی کے کچھ لوگ کالعدم ایکشن کمیٹی کے پلیٹ فارم کو پاکستان کے خلاف زہر اگلنے کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں سے ہمدردانہ اپیل کی کہ *وہ اپنے مستقبل کو ایسے پاکستان مخالف سرگرمیوں کی بھینٹ نہ چڑھائیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ریاست پاکستان کے خلاف اٹھنے والی کسی بھی آواز، سرگرمی یا پھر علیحدگی پسند تنظیم سے نہ ہمارا کوئی تعلق تھا اور نہ ہے۔یاد رہے کہ کور ممبر افتخار محمود سے قبل کور ممبرانجم زمان اور ایڈووکیٹ امجد علی خان بھی کالعدم ایکشن کمیٹی سے اظہار لاتعلقی کر چکے ہیں۔
ماہرین کے مطابق کالعدم کمیٹی کے کور ممبر افتخار محمود کی طرف سے دیے جانے والے پیغام سے شرپسند ٹولے کا انتشاری ایجنڈا کھل کر سامنے آ گیا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ کالعدم ایکشن کمیٹی کے ممبران کی علیحدگی سے واضح ہوتا ہے کہ آزاد کشمیر کے عوام اس انتشاری کمیٹی کے مذموم مقاصد کو خود ناکام بنا رہے ہیں۔











