اسلام آباد، 24 جون:)اے پی پی): وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ایرانی وزیر داخلہ ڈاکٹر اسکندر مومنی نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات میں پاک-ایران تعلقات اور امن معاہدے کے بعد خطے کی تازہ ترین صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
ڈاکٹر اسکندر مومنی نے ایرانی صدر اور ان کے وفد کا پاکستان آمد پر بھرپور خیرمقدم کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ دونوں وزرائے داخلہ نے خطے میں کشیدگی کم ہونے پر اطمینان کا اظہار کیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے برگن سٹاک، سوئٹزرلینڈ میں مشترکہ اعلامیہ پر ایرانی ہم منصب کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ یہ معاہدہ حکومت ایران اور آپ کی مخلصانہ کوششوں کے بغیر ممکن نہ تھا۔ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ سے دنیا بھر میں امن اور استحکام کا خواہاں رہا ہے اور مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن کے لیے پاکستان کوششیں جاری رکھے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ امن معاہدے کے خطے پر دوررس نتائج سامنے آئیں گے۔
ملاقات میں سکیورٹی تعاون، انسداد دہشتگردی، سائبر سکیورٹی اور امیگریشن سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ ایرانی وزیر داخلہ نے کہا کہ جلد پاکستان کا تفصیلی دورہ کروں گا جس کا مقصد دونوں ممالک کی وزارت داخلہ کے مابین تعاون کو آگے بڑھانا ہو گا۔ ڈاکٹر اسکندر مومنی نے ایران-امریکہ مذاکرات میں پاکستان کے مخلصانہ کردار اور پاکستانی قوم کے بھرپور تعاون کو بھی سراہا۔
ملاقات میں وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری، سیکرٹری داخلہ، ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ، ڈی جی ایف آئی اے، کمانڈنٹ نیشنل پولیس اکیڈمی اور ڈی جی این سی سی آئی اے بھی موجود تھے۔











