پاکستان کا فعال سفارتی کردار عالمی سطح پر مزید نمایاں ہو رہا ہے ، اسحاق ڈار

6

اسلام آباد، 24 جون  (اے پی پی ): نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان کا فعال سفارتی کردار عالمی سطح پر مزید نمایاں ہو رہا ہے اور مختلف بین الاقوامی و علاقائی فورمز پر اس کی مؤثر شمولیت عالمی برادری کے اعتماد کا مظہر ہے۔ بدھ کو قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی)، شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) اور اقتصادی تعاون تنظیم (ایکو) سمیت مختلف علاقائی اور عالمی پلیٹ فارمز پر فعال کردار ادا کر رہا ہے جبکہ آئندہ اہم بین الاقوامی سرگرمیوں میں بھی اس کی نمایاں شمولیت متوقع ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اعلیٰ سطح کے عالمی فورمز میں بڑھتی ہوئی شرکت کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی تقریبات کی میزبانی اور مشترکہ صدارت کی ذمہ داریاں بھی انجام دے رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی اور مسلم دنیا کے امور میں پاکستان کی مؤثر شمولیت اس کے مثبت اور تعمیری کردار کو اجاگر کرتی ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی تعاون، استحکام اور علاقائی روابط کے فروغ پر مبنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمسایہ ممالک خصوصاً ایران کے ساتھ تجارت، اقتصادی روابط اور علاقائی تعاون کے فروغ کے لیے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن، مکالمے اور باہمی تعاون کے فروغ کا مستقل حامی ہے اور اقتصادی روابط کے استحکام کے ذریعے علاقائی خوشحالی کے حصول کے لیے کوشاں ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ حالیہ سفارتی کامیابیاں حکومت، دفتر خارجہ اور ملکی قیادت کی مسلسل کاوشوں کا نتیجہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان کا مثبت اور تعمیری کردار عالمی سطح پر مزید اجاگر ہوا ہے جس سے بین الاقوامی اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے امریکہ اور ایران کے درمیان امن معاہدے کے حوالے سے ایوان کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کشیدگی کے دوران پاکستان نے سفارتی سطح پر بھرپور کردار ادا کیا اور مختلف فریقین کے ساتھ مسلسل رابطے برقرار رکھے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد اور ریاض سمیت مختلف مقامات پر ملاقاتیں اور مشاورت کا سلسلہ جاری رہا جس کا مقصد کشیدگی میں کمی اور مذاکرات کے فروغ کو یقینی بنانا تھا۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان نے سہولت کار کے طور پر ذمہ دارانہ کردار ادا کرتے ہوئے اعتماد اور رازداری کے اصولوں کو مقدم رکھا۔ انہوں نے کہا کہ متعدد مراحل پر مشتمل مذاکرات اور مشاورت کے بعد پیش رفت ممکن ہوئی جبکہ اپریل، مئی اور جون کے دوران مختلف سطحوں پر بات چیت کا سلسلہ جاری رہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے اپنی تعمیری سفارتی کوششیں جاری رکھی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو مختلف ممالک اور عالمی اداروں کی جانب سے مسلسل دعوتیں موصول ہو رہی ہیں اور عالمی برادری میں اسے ایک فعال اور ذمہ دار سفارتی شراکت دار کے طور پر تسلیم کیا جا رہا ہے۔