وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی آئندہ مالی سال کے بجٹ میں عوام اور کاروباری برادری کے لیے ریلیف کو مدنظر رکھنے پر وزارتِ خزانہ سمیت پوری حکومتی ٹیم کی کاوشوں کو خراجِ تحسین

6

اسلام آباد، 24 جون ( اے پی پی): وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں عوام اور کاروباری برادری کے لیے ریلیف کو مدنظر رکھنے پر وزارتِ خزانہ سمیت پوری حکومتی ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ معاشی ٹیم نے وزیرِ اعظم کے ساتھ ملاقات میں ملک کی ترقی کے لیے اقدامات جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ وزیرِ اعظم نے نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب، وزیرِ منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیرِ مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، سیکریٹری خزانہ اور چیئرمین ایف بی آر کی کوششوں کو قابلِ ستائش قرار دیتے ہوئے کہا کہ قوم سے کیے گئے وعدے کے مطابق تنخواہ دار طبقے، کاروباری برادری اور عوام کو بھرپور ریلیف فراہم کیا گیا ہے اور معاشی اشاریوں میں بہتری کے ثمرات ہر شہری تک پہنچائے جائیں گے۔ دوسری جانب حکومتی معاشی ٹیم نے وزیرِ اعظم کی جانب سے پذیرائی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ محدود مالی وسائل کے باوجود عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کی کامیاب کوشش کی گئی ہے، جبکہ ٹیم نے بجٹ تجاویز کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز سے ملاقاتوں، عوامی ریلیف کے لیے ہدایات اور آئی ایم ایف سے معاملات خود سلجھانے پر وزیرِ اعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے واضح کیا کہ وزیرِ اعظم کی ہدایت پر ہی متعدد اجلاس منعقد کر کے ایک متوازن بجٹ پیش کیا گیا تاکہ محروم طبقات کو ریلیف دیا جا سکے۔