ملتان،26 جون (اے پی پی ): یومِ عاشورہ کے موقع پر ملتان شہر اور ڈویژن بھر میں ماتمی جلوس پرامن انداز میں اپنے مقررہ راستوں پر رواں دواں رہے۔ صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات اور وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی سلمیٰ بٹ نے گھنٹہ گھر چوک، حرم گیٹ سمیت مختلف جلوسوں کا دورہ کیا ۔اس موقع پر کمشنر ملتان عامر کریم خاں اور آر پی او عثمان گوندل نے صوبائی وزیر کو محرم الحرام کے سیکیورٹی انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ رانا سکندر حیات نے کہا کہ حکومت پنجاب امن و امان کے قیام کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے، جبکہ شرپسندی اور انتہا پسندی کو معاشرے کے ہر طبقے نے مسترد کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملتان ڈویژن میں انتظامیہ اور پولیس نے محرم الحرام کے موقع پر مثالی انتظامات کیے ہیں۔کمشنر عامر کریم خاں نے بتایا کہ یومِ عاشورہ پر ملتان ڈویژن میں 224 مجالس اور 283 جلوس منعقد ہو رہے ہیں، جبکہ حساس جلوسوں اور مجالس کو سیف سٹی کیمروں سے منسلک کیا گیا ہے تاکہ مسلسل نگرانی یقینی بنائی جا سکے۔آر پی او عثمان گوندل نے بتایا کہ ڈویژن بھر میں 13 ہزار سے زائد پولیس افسران اور اہلکار سیکیورٹی فرائض انجام دے رہے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے کہا کہ شہر کے تمام اہم مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں اور ڈی سی کنٹرول روم میں تمام متعلقہ محکموں کے نمائندگان موجود ہیں۔سی پی او صادق علی ڈوگر نے کہا کہ امن کمیٹیوں کے ارکان اور علمائے کرام بھی انتظامیہ کے شانہ بشانہ امن و امان کے قیام کے لیے بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔











