عالم اسلام میں ابھرتے اتحاد کا سہرا پاکستان کے کردار کو جاتا ہے، وزہر دفاع خواجہ محمد آصف

5

سیالکوٹ، 26 جون (اے پی پی): وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ عالمِ اسلام میں ابھرتے ہوئے اتحاد کا سہرا پاکستان کے کردار کو جاتا ہے اور حالیہ علاقائی صورتحال میں پاکستان نے جو مؤثر کردار ادا کیا، وہ تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

وفاقی وزیر دفاع نے اڈا پسروریاں میں عاشورۂ محرم کے مرکزی ماتمی جلوس میں شرکت کی اور جلوس کی قیادت بھی کی۔ بعد ازاں انہوں نے بیری والا چوک میں واقع مستری عبداللہ امام بارگاہ میں مجلسِ عزا میں شرکت کی۔

اس موقع پر صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت محمد منشاء اللہ بٹ بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر دوست محمد نے وفاقی اور صوبائی وزراء کو ضلع بھر میں محرم الحرام کے دوران کیے گئے سکیورٹی، اور دیگر انتظامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

  میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ محمد آصف نے کہا کہ اس سال محرم الحرام ایسے وقت میں آیا ہے جب خطہ حالیہ جنگ کے اثرات سے گزر رہا ہے۔ انہوں نے ایرانی قوم کی استقامت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے سنتِ حسینیؑ اور شہدائے کربلا کی ثابت قدمی کی یاد تازہ کر دی۔

وفاقی وزیر دفاع نے کہا کہ حالیہ جنگ کے دوران پاکستان نے جو کردار ادا کیا، وہ تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عالمِ اسلام میں ابھرتے ہوئے اتحاد کا سہرا بھی پاکستان کے کردار کو جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ عاشورۂ محرم کے موقع پر عالم اسلام کا جو اتحاد دیکھنے میں آ رہا ہے، اس کی مثال گزشتہ صدیوں میں کم ہی ملتی ہے، اور اس کا سہرا پاکستان کے عزم و استقلال اور ایرانی عوام کی ثابت قدمی کو جاتا ہے۔

وفاقی وزیر دفاع نے کہا کہ فلسطینیوں، ایرانیوں اور لبنانیوں کی قربانیاں رنگ لا رہی ہیں اور انہیں یقین ہے کہ وہ وقت دور نہیں جب فلسطین ایک آزاد ریاست بنے گا اور لبنان کے عوام بھی اسرائیلی ظلم و ستم سے نجات حاصل کریں گے۔انہوں نے کہا کہ یوم عاشور ہمیں حضرت امام حسینؑ اور شہدائے کربلا کی عظیم اور ابدی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام گزشتہ اڑھائی سے تین برس سے جس استقامت اور قربانی کا مظاہرہ کر رہے ہیں، وہ بھی کربلا کی یاد تازہ کرتی ہے۔خواجہ محمد آصف نے دعا کی کہ مسلم ممالک جس اتحاد کا مظاہرہ کر رہے ہیں وہ دائمی صورت اختیار کرے اور پوری امت مسلمہ ایک پرچم تلے متحد ہو جائے۔

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ ہمیں شہدائے کربلا کی دین اسلام سے لازوال محبت، ایثار اور قربانی کے جذبے کی پیروی کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ انہوں نے کشمیر، فلسطین کی آزادی اور مسلم ممالک اتحاد کی دعا کی۔ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ 10 محرم الحرام کو 87 ماتمی جلوس برآمد ہو رہے ہیں جبکہ رواں مثالی انتظامات کئے گے ہیں اور تمام جلوسوں اور مجالس کی 410 سے زائد سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔

 انہوں نے کہا کہ دفتر ڈپٹی کمشنر میں یکم حرم الحرام سے 24 گھنٹے مانیٹرنگ روم قائم ہے جو محکمہ داخلہ کے مرکزی مانیٹرنگ سیل سے منسلک ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماتمی جلوسوں اور مجالس کے راستوں میں سبیلیں قائم کی گئی ہیں اور اس کے علاوہ ہیٹ سٹروک کیمپس بھی موجود ہیں۔

ڈی پی او دوست محمد نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران سکیورٹی مہیا کرنے کے لئے 2600 سے زائد پولیس اہلکار ڈیوٹیاں سر انجام دے رہے ہیں اور تین درجاتی سکیورٹی مہیا کی گئی ہے اس کے علاوہ روف ٹاپ پر بھی اہلکار متعین کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ارمی اور رینجرز اور رضاکار اس کے علاوہ اپنی ذمہ داریاں بھی سارا انجام دے رہے ہیں۔