کراچی ،عاشورہ محرم کا مرکزی ماتمی جلوس نشتر پارک سے برآمدہوا

3

کراچی، 26 جون (اے پی پی):شہر قائد میں عاشورہ محرم کا مرکزی ماتمی جلوس جمعہ کو یہاں نشتر پارک سے سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان برآمد ہوا۔عاشورہ محرم کا مرکزی ماتمی جلوس نشترپارک سے برآمد ہونے کے بعد اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیہ امام بارگاہ کھارادر ضلع جنوبی کراچی پر اختتام پذیر ہوگا۔عاشورہ کے مرکزی جلوس کے لیے سندھ پولیس کے ساتھ رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے سیکیورٹی کے وسیع اور فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ بم ڈسپوزل سکواڈ بھی تعینات ہے۔جلوس کے مرکزی روٹ اور اطراف کی سڑکوں کو کنٹینرز لگا کر سیل کر دیا گیا ہے جبکہ بلند و بالا عمارتوں پر بھی خصوصی نگرانی کے انتظامات کیے گئے ہیں۔ایم اے جناح روڈ عاشورہ محرم کے مرکزی جلوس کے باعث ٹریفک کے لیے بند ہے اور ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے لیے کراچی ٹریفک پولیس کی جانب سے اعلان کردہ متبادل راستوں کی طرف روانہ کیا جا رہا ہے۔شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ جلوس کے دوران ٹریفک پلان پر عمل کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔