ملتان ، خواتین سرکاری افسران کے لیے انسدادِ بدعنوانی آگاہی ورکشاپ کا انعقاد

3

ملتان ،30 جون(اے پی پی ) نیب ملتان اور کمشنر آفس ملتان کے باہمی تعاون سے خواتین سرکاری افسران کے لیے انسدادِ بدعنوانی سے متعلق آگاہی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ ورکشاپ کا مقصد خواتین افسران میں شفاف طرزِ حکمرانی، دیانتداری، احتساب اور پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا تھا۔

کمشنر ملتان عامر کریم خاں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق خواتین افسران کی پیشہ ورانہ استعدادِ کار بڑھانے اور انہیں مؤثر قیادت کے مواقع فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن صرف مالی بدعنوانی کا نام نہیں بلکہ وقت، اختیار اور ذمہ داری سے غفلت بھی بدعنوانی کے زمرے میں آتی ہے۔کمشنر نے کہا کہ دیانتداری، شفافیت اور احتساب ہی کرپشن سے پاک معاشرے کی بنیاد ہیں۔ سرکاری افسران کو کمفرٹ زون سے نکل کر عوامی خدمت کو اولین ترجیح دینی چاہیے اور ہر فیصلے میں قانون، میرٹ اور دیانتداری کو مقدم رکھا جائے۔

 انہوں نے مزید کہا کہ قومی کردار سازی صرف دفتری اوقات پورے کرنے سے نہیں بلکہ اضافی ذمہ داریوں کو احسن انداز میں نبھانے سے ممکن ہوتی ہے۔ورکشاپ میں پروفیسر ڈاکٹر ارم بتول اعوان نے اخلاقی قیادت، شفاف طرزِ حکمرانی اور انسدادِ بدعنوانی کے موضوع پر تفصیلی لیکچر دیا، جبکہ نیب ملتان کی افسران نے بھی انسدادِ بدعنوانی، شفافیت اور ادارہ جاتی احتساب کے حوالے سے آگاہی سیشنز سے خطاب کیا۔

تقریب کی نظامت ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن و پی آر او ٹو کمشنر ملتان ارم سلیمی اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر نیب انم خان نے کی۔ ورکشاپ میں مختلف سرکاری محکموں سے تعلق رکھنے والی سینئر خواتین افسران نے شرکت کی اور شفاف، جوابدہ اور مؤثر سرکاری نظام کے فروغ کے عزم کا اظہار کیا۔