ریلوے میں ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن پر اہم اجلاس ، 78 سالہ تاریخ کی ریکارڈ ڈیجیٹلائزیشن جاری    

6

اسلام آباد، 2 جولائی (اے پی پی): وفاقی وزیر ریلوے کی زیر صدارت پاکستان ریلوے میں ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن سے متعلق اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں سیکریٹری ریلوے، سی ای او ریلوے اور آئی ٹی ٹیم نے شرکت کی۔

اجلاس میں ریلوے کی ڈیجیٹلائزیشن کے جاری منصوبوں اور آئندہ سال کے اہداف کا جائزہ لیا گیا۔وفاقی وزیر ریلوے نے اس موقع پر کہا کہ وزیراعظم کے وژن کے مطابق پاکستان ریلوے اپنی 78 سالہ تاریخ کی ریکارڈ ڈیجیٹلائزیشن کر رہا ہے اور ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن میں سب سے آگے ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ رابطہ ایپ پر اس وقت 100 سے زائد ٹرینیں دستیاب ہیں۔ ریلوے کے 60 بڑے اسٹیشنز کو ڈیجیٹلائز کیا جا چکا ہے۔ بڑے اسٹیشنز پر مفت وائی فائی کی سہولت فراہم کی گئی ہے جس سے 70 فیصد مسافر مستفید ہو رہے ہیں۔ ہیلپ لائن 117 کو 24/7 تربیت یافتہ آئی ٹی ایجنٹس کے ساتھ فعال کر دیا گیا ہے۔

راولپنڈی میں اسمارٹ اینڈ سیف ریلوے اسٹیشن کا افتتاح ہو چکا ہے اور دیگر بڑے اسٹیشنز پر بھی یہ سہولت جلد شروع کی جائے گی۔اجلاس کو 1700 کلومیٹر فائبر آپٹک نیٹ ورک، مکمل فریٹ ڈیجیٹلائزیشن، جی پی ایس ٹریکنگ اور جدید سگنلنگ سسٹم کے منصوبوں پر بھی بریفنگ دی گئی۔

وزیر ریلوے نے تمام ڈیجیٹل خدمات کو مزید مؤثر، تیز رفتار اور عوام دوست بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ریلوے کو جدید، محفوظ اور مکمل ڈیجیٹل ادارہ بنایا جائے گا۔