پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کی حج قرعہ اندازی 2027، آٹھ خوش نصیب ملازمین حج کی سعادت حاصل کریں گے

6

لاہور، 02 جولائی(اے پی پی): پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن (پیسک) کے زیر اہتمام حج قرعہ اندازی 2027 کی تقریب پیسک ہاؤس میں منعقد ہوئی، جس میں صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔

تقریب میں منیجنگ ڈائریکٹر پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن مبین الہٰی، پیسک کے ڈائریکٹرز، افسران اور ملازمین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

حج قرعہ اندازی کے ذریعے سال 2027 کے لیے پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے ملازمین کی مختلف کیٹیگریز میں سے آٹھ خوش نصیبوں کے نام منتخب کیے گئے، جو آئندہ سال حج کی سعادت حاصل کریں گے۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین اور ایم ڈی پیسک مبین الہٰی نے قرعہ اندازی کے عمل میں حصہ لیا۔

اس موقع پر صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین نے حج قرعہ اندازی میں کامیاب ہونے والے ملازمین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کی جانب سے ہر سال اپنے ملازمین کو قرعہ اندازی کے ذریعے حج پر بھیجنا ایک قابلِ تحسین اور مثالی اقدام ہے، جو ادارے کی اپنے ملازمین کی فلاح و بہبود سے وابستگی کا عملی ثبوت ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس پروگرام کے تحت اب تک پیسک کے 296 ملازمین حج کی سعادت حاصل کر چکے ہیں، جبکہ سال 2027 میں مزید 8 خوش نصیب ملازمین فریضۂ حج ادا کریں گے۔

چوہدری شافع حسین نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہر مسلمان کو حج کی سعادت نصیب فرمائے۔ انہوں نے حج پر جانے والے خوش نصیب ملازمین سے اپیل کی کہ وہ اپنے مقدس سفر کے دوران ملک کی ترقی، خوشحالی، سلامتی اور استحکام کے لیے خصوصی دعائیں کریں۔

تقریب کے اختتام پر شرکاء نے کامیاب امیدواروں کو مبارکباد پیش کی اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔