تاشقند: فیفا ورلڈ کپ میچ کے موقع پر پاکستانی ساختہ فٹ بالز توجہ کا مرکز

7

اسلام آباد، 3 جولائی(اے پی پی): ازبکستان کے دارالحکومت تاشقند میں فیفا ورلڈ کپ 2026 کے موقع پر ہونے والے ایک میچ کی لائیو اسکریننگ کے دوران پاکستانی فٹ بال صنعت کو نمایاں انداز میں اجاگر کیا گیا۔

تاشقند کے بنیوڈکور اسٹیڈیم اور ہومو ارینا میں پاکستانی ساختہ فٹ بالز کی تشہیری سرگرمی کا انعقاد کیا گیا، جہاں ہزاروں ازبک شائقین کو پاکستان کی عالمی معیار کی فٹ بال سازی سے روشناس کرایا گیا۔

اس موقع پر بتایا گیا کہ فیفا ورلڈ کپ 2026 کی آفیشل میچ بال “ٹرائیونڈا” سیالکوٹ میں تیار کی جا رہی ہے، جسے پاکستان کی معروف کمپنی فارورڈ اسپورٹس تیار کر رہی ہے۔پاکستانی ٹریڈ مشن نے تقریب کے دوران فارورڈ اسپورٹس پر مبنی ایک تشہیری دستاویزی فلم ازبک زبان میں پیش کی، جسے شرکاء نے بھرپور دلچسپی سے دیکھا۔

وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے تاشقند میں پاکستانی ٹریڈ مشن کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ سیالکوٹ کی فٹ بال سازی پاکستان کی عالمی شناخت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی تقریبات میں پاکستانی مصنوعات کی مؤثر تشہیر برآمدات میں اضافے اور نئی منڈیوں تک رسائی میں اہم کردار ادا کرے گی۔تقریب کے دوران پاکستانی سفارتخانے نے تاشقند کے گورنر شوکت عمرزاکوف کو پاکستان میں تیار کردہ “ٹرائیونڈا” فٹ بال بھی پیش کی، جسے پاکستان اور ازبکستان کے درمیان دوستی اور بڑھتی ہوئی تجارتی شراکت داری کی علامت قرار دیا گیا۔

پاکستانی ٹریڈ مشن نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ازبکستان میں پاکستانی برآمدات کے فروغ کے لیے مستقبل میں بھی ایسی تشہیری سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔