سانحہ کاہنہ: وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی جاں بحق بچوں کے لواحقین سے ملاقات، مالی امداد کے چیک تقسیم

3

لاہور، 3 جولائی (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سانحہ کاہنہ میں جاں بحق ہونے والے بچوں کے سوگوار خاندانوں سے اظہارِ تعزیت اور ان کا غم بانٹنے کے لیے کاہنہ پہنچ گئیں، جہاں انہوں نے متاثرہ والدین، خصوصاً دکھی ماؤں سے ملاقات کی، انہیں گلے لگا کر دلاسہ دیا اور ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے متاثرہ خاندانوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کے دکھ اور صدمے میں برابر کی شریک ہونے کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ الفاظ کم ہیں اور غم بہت بڑا ہے، تاہم حکومت پنجاب متاثرہ خاندانوں کو اس مشکل گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑے گی۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ نے حکومت پنجاب کی جانب سے سانحہ کاہنہ کے متاثرہ خاندانوں کے لیے مالی امداد کے چیک بھی تقسیم کیے۔ حکومت نے ہر جاں بحق بچے کے لواحقین کے لیے 20 لاکھ روپے جبکہ ہر زخمی کے لیے 5 لاکھ روپے مالی امداد مقرر کی ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے متعلقہ حکام کو زخمی بچوں کے بہترین علاج اور دیکھ بھال کو یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ متاثرین کی ہر ممکن مدد کی جائے اور علاج معالجے میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا، “دکھی ماؤں کے آنسوؤں کا مداوا کوئی رقم نہیں کر سکتی، لیکن حکومت ان کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔” انہوں نے کہا کہ “ننھے پھولوں کا اس طرح بچھڑ جانا انتہائی دلخراش سانحہ ہے اور ہم ان دکھی ماؤں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے۔”

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سوگوار والدین کو تسلی دیتے ہوئے کہا، “آپ کے بچوں کا غم میرا اپنا غم ہے۔” انہوں نے متاثرہ خاندانوں کو یقین دلایا کہ حکومت پنجاب ان کی ہر ممکن معاونت جاری رکھے گی اور ان کے زخموں پر مرہم رکھنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔