اسلام آباد ،4 جولائی ( اے پی پی):وزیر مملکت برائے ریلوے و خزانہ، بلال اظہر کیانی نے عوامی مسائل کے براہِ راست حل کے لیے ہفتہ کو ضلع کونسل ہال جہلم میں کھلی کچہری منعقد کی اور عوام کے مسائل سن کر ان کے حل کے حوالے سے اقدامات اٹھائے۔
وزیر مملکت خزانہ اور ریلوے بلال اظہر کیانی نے تین گھنٹے سے زائد منعقد ہونے والی کھلی کچہری میں چار سو سے زائد شہریوں کے مسائل سنے۔
اس موقع پر وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے کہا کہ وہ ہر ماہ کھلی کچہری لگائیں گے۔ دینہ اور سوہاوہ میں بھی کھلی کچہریاں منعقد ہوں گی تاکہ براہ راست عوام سے ان کے مسائل سنے جاسکیں اور عوام اور اداروں کے درمیان مؤثر رابطے کو بہتر بنایا جا سکے۔
وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر اعلی مریم نواز شریف عوام کی خدمت کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع جہلم میں نہ صرف ریکارڈ ترقیاتی کام ہو رہے ہیں بلکہ عوام کی شکایات کے بروقت ازالے کے میکانزم کو بھی موثر اور فعال بنایا جا رہا ہے۔
عوام نے ضلع جہلم کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کھلی کچہریوں کے انعقاد کا خیر مقدم کرتے ہوئے وزیر مملکت بلال اظہر کیانی کے عوام دوست اقدامات کو سراہا۔اس موقع پر انتظامیہ، پولیس سمیت دیگر محکموں کے اعلی حکام بھی موجود تھے۔











