سمیڈاکا جائزہ اجلاس،وزیرِ اعظم کی ایس ایم ایز کیلئے قرضوں، برآمدات اور کاروباری سہولتوں میں اضافے کی ہدایت

5

اسلام آباد،07 جولائی ( اے پی پی): وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے سمیڈا کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ملکی برآمدات میں اضافے کیلئے چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں  کو قرضوں کی فراہمی میں سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ایس ایم ایز کی استعداد کار بڑھانے، بالخصوص کسانوں کی اجناس اور پھلوں کی پراسیسنگ کیلئے آگاہی اور قرضوں کی فراہمی کو آسان بنایا جائے۔

وزیرِ اعظم نے کمرشل بینکوں کی جانب سے ایس ایم ایز کیلئے خصوصی قرضہ جاتی پراڈکٹس متعارف کرانے کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے ہدایت کی کہ صنعتوں کو فیزیبیلٹی کی تیاری اور دیگر مراحل میں بھی معاونت فراہم کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایس ایم ایز کی ترقی کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات ضروری ہیں، جبکہ سمیڈا نوجوانوں، بالخصوص خواتین انٹرپرینیورز، کو چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتیں قائم کرنے میں معاونت فراہم کرے۔

‎اجلاس کو سمیڈا کی جانب سے مختلف اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ بتایا گیا کہ پاکستانی ایس ایم ایز کی عالمی منڈی تک رسائی اور برآمدات بڑھانے کیلئے رواں برس 700 ایس ایم ایز کی 16 ایونٹس میں شرکت یقینی بنائی گئی ہے، جبکہ 35 شہروں میں مالی ضابطوں اور کاروباری امور سے متعلق تربیت فراہم کی گئی۔ وزیرِ اعظم نے ایس ایم ایز کی قرضوں تک رسائی بہتر بنانے کیلئے اسٹیٹ بینک اور کمرشل بینکوں کے ساتھ مل کر جامع لائحہ عمل مرتب کرنے کی ہدایت بھی کی۔