جنیوا ڈیجیٹل ویک کا تیسرا روز،وفاقی وزیر شزہ فاطمہ خواجہ کی عالمی رہنماؤں سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری

6

جنیوا، 08 جولائی (اے پی پی ):جنیوا ڈیجیٹل ویک کے تیسرے روز وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ کی عالمی رہنماؤں سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رہا۔ اس موقع پر انہوں نے بحرین کے وزیر ٹرانسپورٹ اینڈ ٹیلی کام عبداللہ بن احمد الخلیفہ سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون اور سرمایہ کاری کے فروغ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران وفاقی وزیر شزہ فاطمہ خواجہ نے بحرین کو پاکستان میں فوڈ سکیورٹی، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سیاحت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ انہوں نے سرمایہ کاروں کے لیے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (SIFC) کے پلیٹ فارم سے استفادہ کرنے کی بھی پیشکش کی اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے سازگار ماحول سے آگاہ کیا۔

دونوں وزراء نے ٹیکنالوجی، ٹیلی کمیونیکیشن اور ڈیجیٹل شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ باہمی اشتراک سے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور تکنیکی روابط کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔