فیلڈ مارشل عاصم منیر کا این ڈی یو کا دورہ، دہشت گردوں کی پناہ گاہیں مکمل ختم کرنے کا عزم

6

راولپنڈی، 8 جولائی (اے پی پی):فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز ملٹری، ہلالِ جرأت، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے  بدھ  کو نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کا دورہ کیا جہاں انہوں نے نیشنل سیکیورٹی اینڈ وار کورس کے فارغ التحصیل افسران سے خطاب کیا۔ کورس میں تینوں مسلح افواج کے افسران نے شرکت کی۔

فیلڈ مارشل نے خطاب میں جنگ کے بدلتے ہوئے کردار کو اجاگر کیا اور پیچیدہ اسٹریٹجک معاملات سے نمٹنے کے لیے اسٹریٹجک وضاحت اور ادارہ جاتی پروفیشنلزم کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے این ڈی یو جیسے اعلیٰ اداروں کے کردار کو سراہا جو مستقبل کی عسکری و سول قیادت کو ہائبرڈ، روایتی اور غیر روایتی خطرات سے دور اندیشی، اعتماد اور عزم کے ساتھ نمٹنے کے قابل بنا رہے ہیں۔

فیلڈ مارشل نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج جنگ کی بدلتی ہوئی نوعیت کے مطابق اپنی تعیناتی اور ترقی کی حکمت عملیوں کو ازسرنو ترتیب دے رہی ہیں۔فیلڈ مارشل نے کہا کہ مسلح افواج دشمن ایجنسیوں کی جانب سے پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی ریاستی سرپرستی میں کی جانے والی کوشوں سے مکمل طور پر آگاہ ہیں۔

ایسے پراکسیز اور نیٹ ورکس کی کوششیں جنہیں دشمن ایجنسیوں کی سرپرستی حاصل ہے، رائیگاں جائیں گی اور انہیں پاکستان کی داخلی سلامتی اور معاشی خوشحالی کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ سرحدوں کے پار سے آنے والی دہشت گردی کو ریاست کی پوری قوت سے کچلا جائے گا۔ قوم کی حمایت سے مسلح افواج ان پراکسیز کی پناہ گاہوں اور ان کے سہولت کاروں کو مکمل طور پر ختم کریں گی۔

فیلڈ مارشل نے کہا کہ جنگیں میڈیا کے بیانیے یا سیاسی نعروں سے نہیں جیتی جاتیں بلکہ ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط سے جیتی جاتی ہیں۔آخر میں فیلڈ مارشل نے پاکستان کی جنگ آزما مسلح افواج کی پروفیشنلزم، مورال اور آپریشنل تیاری پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور فارغ التحصیل افسران پر زور دیا کہ وہ دیانت، بے لوث خدمت اور قوم سے غیر متزلزل عزم کی اقدار پر سختی سے کاربند رہیں۔

آمد پر نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے صدر نے فیلڈ مارشل کا استقبال کیا۔