لاہور، 9 جولائی (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک کے درمیان موسمیاتی تبدیلی، مون سون اور ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں سینئر وزیر مریم اورنگزیب، چیف سیکرٹری پنجاب، چیئرمین این ڈی ایم اے، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، ڈی جی پی ڈی ایم اے اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے “پنجاب کلائمیٹ اینڈ ڈیزاسٹر ریزیلینس پلان 2026” پیش کرتے ہوئے تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں وفاق اور پنجاب کے درمیان شدید موسمیاتی حالات کی پیشگی اطلاع کے لیے ارلی وارننگ سسٹم قائم کرنے، کسی بھی ایکسٹریم ویدر ایونٹ سے کم از کم چھ گھنٹے قبل مؤثر رابطہ کاری، اور صوبے بھر میں ضلعی و تحصیل سطح پر سینٹرلائزڈ انفارمیشن اسکرینز نصب کرنے کی تجاویز پر اتفاق کیا گیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے مون سون اور سیلاب سے نمٹنے کے لیے فوری طور پر موک ایکسرسائزز شروع کرنے، پی ڈی ایم اے اور این ڈی ایم اے کے درمیان مؤثر رابطہ مزید مضبوط بنانے، ہیٹ ویو اور بارشوں کے حوالے سے جامع ایڈوائزریز جاری کرنے، کنٹرولڈ ٹورازم یقینی بنانے اور اضلاع کی لاجسٹک استعداد بڑھانے کی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ گزشتہ سیلاب کے دوران متاثرین کو ادویات، خوراک، رہائش اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم کی گئیں اور مؤثر اقدامات کی بدولت نہ انسانوں اور نہ ہی جانوروں میں کسی وبا کا پھیلاؤ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اے اور ریسکیو 1122 کو جدید خطوط پر استوار کیا گیا ہے، پنجاب میں واٹر اسٹوریج کی گنجائش بڑھائی جا رہی ہے، واسا کا دائرہ کار تمام اضلاع تک وسیع کیا گیا ہے اور ہر ضلع کو اربوں روپے کی جدید مشینری فراہم کی گئی ہے۔
وفاقی وزیر ڈاکٹر مصدق ملک نے پنجاب حکومت کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں موسمیاتی تبدیلی، ماحولیات اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے شعبوں میں مثالی کام ہوا ہے، جس کے سخت ترین ناقدین بھی معترف ہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ وفاقی حکومت وزیراعظم کے وژن کے مطابق پنجاب سمیت تمام صوبوں کو ہر سطح پر مکمل تعاون فراہم کرے گی۔
سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی بروقت قیادت اور پیشگی منصوبہ بندی کے باعث گزشتہ سیلاب کے دوران بڑے بحران سے مؤثر انداز میں نمٹا گیا اور متعلقہ اداروں نے دن رات محنت کر کے عوام کو ریلیف فراہم کیا۔
اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ پنجاب حکومت نے ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے لیے مختصر، درمیانی اور طویل المدتی حکمت عملی تیار کر لی ہے اور ملک میں پہلی بار کلائمیٹ ٹیگڈ بجٹ پیش کیا گیا ہے۔ بریفنگ کے مطابق گزشتہ سیلاب کے دوران 30 لاکھ افراد اور 25 لاکھ جانوروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا، پی ڈی ایم اے کی تنظیم نو مکمل کی گئی، ریسکیو 1122 کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کیا گیا، جبکہ محکمہ انہار، لائیو اسٹاک، زراعت اور دیگر متعلقہ اداروں کی استعداد بھی بہتر بنائی گئی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ حساس اضلاع میں پیشگی الرٹس جاری کیے جا رہے ہیں، فلڈ پروٹیکشن بندوں کی بحالی اور واٹر ویز کی صفائی کا کام تیزی سے جاری ہے، جدید واٹر ریسکیو ڈرونز خرید لیے گئے ہیں اور ممکنہ مون سون، فلیش فلڈ، کلاؤڈ برسٹ، ہیٹ ویو اور دریاؤں میں طغیانی سے نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ ادارے 24 گھنٹے الرٹ ہیں۔











