گلگت بلتستان کی ترقی وفاقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، وزیراعظم

5

اسلام آباد، 10 جولائی (اے پی پی): وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے گلگت بلتستان اسمبلی کے اراکین نے ملاقات کی۔

ملاقات میں وزیر اعظم نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام نے ہمیشہ پاکستان سے اپنی محبت، وفاداری اور قومی یکجہتی کا عملی ثبوت دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ منتخب نمائندوں کے ذریعے عوام کی توقعات، مسائل اور ترجیحات سے براہ راست آگاہی حاصل ہوتی ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر حکومت کا مقصد عوام کی خدمت اور ان کی زندگی میں آسانیاں پیدا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی وفاقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور علاقے میں بنیادی ڈھانچے، مواصلات، توانائی، تعلیم، صحت، سیاحت اور روزگار کے مواقع بڑھانے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے قدرتی وسائل، سیاحتی مقامات اور معدنی ذخائر کو بروئے کار لا کر مقامی معیشت کو مزید مضبوط بنایا جائے گا جبکہ نوجوانوں کو معیاری تعلیم، جدید فنی تربیت اور باعزت روزگار کی فراہمی حکومت کی اہم ترجیح ہے۔

وزیر اعظم نے بتایا کہ گلگت بلتستان میں چار دانش سکولوں کی تعمیر آخری مراحل میں ہے اور آئندہ سال سے ان میں تدریسی سرگرمیاں شروع ہو جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ شمسی توانائی سے 100 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کے منصوبے پر بھی تیزی سے کام جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ گلگت بلتستان میں موسمیاتی تبدیلی اور گلیشیائی جھیلوں کے خطرات سے نمٹنے کے لیے پیشگی اطلاع کا نظام بھی نصب کیا گیا ہے تاکہ مقامی آبادی کو بروقت آگاہی فراہم کی جا سکے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل، بہتر طرز حکمرانی اور شفافیت کے فروغ کے لیے وفاقی اور مقامی قیادت کے درمیان مؤثر رابطہ ناگزیر ہے۔ انہوں نے اراکین اسمبلی پر زور دیا کہ وہ تعمیری کردار ادا کریں اور کہا کہ ان کی تجاویز اور سفارشات حکومت کے لیے اہم ہیں۔

وزیر اعظم نے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت بھی کی جو اراکین اسمبلی کی جانب سے پیش کی گئی قابل عمل تجاویز کا جائزہ لے کر رپورٹ پیش کرے گی۔ کمیٹی کے دیگر اراکین میں وفاقی وزیر برائے امور گلگت بلتستان و کشمیر امیر مقام اور وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی و عوامی امور رانا ثناء اللہ شامل ہیں۔

ملاقات میں نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وفاقی وزیر برائے امور گلگت بلتستان و کشمیر امیر مقام اور وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی و عوامی امور رانا ثناء اللہ بھی شریک تھے۔