اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے عہدے کے امیدوار میکی سال کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات

5

اسلام آباد، 10 جولائی (اے پی پی): اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے عہدے کے امیدوار میکی سال نے جمعہ کو وزیراعظم ہاؤس میں وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی۔

وزیراعظم نے میکی سال کا خیرمقدم کرتے ہوئے کثیرالجہتی تعاون کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا اور عالمی امور میں اقوام متحدہ کے مرکزی کردار کے لیے پاکستان کی مضبوط اور غیر متزلزل حمایت کا اظہار کیا۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ اقوام متحدہ کی آئندہ قیادت ادارے کے تین بنیادی ستونوں، یعنی عالمی امن و سلامتی، ترقی اور انسانی حقوق، کو متوازن انداز میں آگے بڑھانے کے لیے مؤثر کردار ادا کرے گی۔

وزیراعظم نے اقوام متحدہ کے منشور کے مقاصد اور اصولوں کی پاسداری، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر من و عن عملدرآمد، اور عالمی امن، سلامتی اور خوشحالی کے فروغ کے لیے بین الاقوامی قانون اور معاہدات کے احترام کے حوالے سے پاکستان کے مستقل اور غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔

میکی سال نے اقوام متحدہ کے لیے پاکستان کی دیرینہ اور گراں قدر خدمات کو سراہتے ہوئے عالمی امن کے فروغ کے لیے جاری کوششوں میں پاکستان کی قیادت کے تعمیری کردار کی تعریف کی۔