تحصیل کمپلیکس دینہ میں کھلی کچہری ،عوام کے مسائل کا بروقت حل ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، بلال اظہر کیانی

5

اسلام آباد، 13جولائی (اے پی پی ):وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی نے عوامی مسائل کے براہِ راست حل اور شکایات کے ازالے کے لیے تحصیل کمپلیکس دینہ میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جس میں انتظامیہ، پولیس اور مختلف سرکاری محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔

بلال اظہر کیانی نے ساڑھے پانچ گھنٹے سے زائد جاری رہنے والی کھلی کچہری میں 400 سے زائد شہریوں سے فرداً فرداً ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور متعلقہ اداروں کو فوری حل کے لیے ضروری ہدایات جاری کیں۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت نے کہا کہ عوام سے براہِ راست رابطہ اور ان کے مسائل کا بروقت حل ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حلقے کی ترقی اور عوامی فلاح کے لیے اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

بلال اظہر کیانی نے کہا کہ کھلی کچہریوں کے ذریعے عوام کو اپنی شکایات اور مسائل براہِ راست حکومتی نمائندوں اور متعلقہ اداروں تک پہنچانے کا موقع ملتا ہے، جس سے مسائل کے حل میں تیزی آتی ہے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ ضلع جہلم میں کھلی کچہریوں کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا تاکہ عوامی مسائل کو مقامی سطح پر سن کر ان کے حل کو یقینی بنایا جا سکے۔ اس سے قبل وہ گزشتہ ہفتے جہلم میں بھی ایک کھلی کچہری منعقد کر چکے ہیں۔

شہریوں نے تحصیل دینہ میں پہلی مرتبہ کھلی کچہری کے انعقاد کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیر مملکت بلال اظہر کیانی کے عوامی رابطے اور خدمت کے جذبے کو سراہا۔