نمل یونیورسٹی کی جانب سے مسلم ورلڈ لیگ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد عبدالكريم العیسیٰ کو اعزازی ڈاکٹریٹ کی ڈگری تفویض

29

اسلام آباد، 13 جولائی ( اے پی پی):  نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز (نمل) میں منعقدہ تیسرے خصوصی کانووکیشن میں مسلم ورلڈ لیگ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد عبدالكريم العیسیٰ کو اعزازی ڈاکٹر آف فلاسفی (پی ایچ ڈی) کی ڈگری سے نوازا گیا۔

 انہیں یہ اعزاز انسانیت، عالمی امن، بین المذاہب ہم آہنگی، اعتدال پسندی اور فروغِ علم کے لیے ان کی غیر معمولی خدمات کے اعتراف میں دیا گیا ہے۔

تقریب میں پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی، وزیر مملکت برائے وفاقی تعلیم ڈاکٹر وجیہہ قمر، ریکٹر نمل میجر جنرل (ر) شاہد محمود کیانی اور ڈی جی نمل بریگیڈیئر محمد رفیق خان سمیت ممتاز ماہرینِ تعلیم اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

 اعزازی ڈگری وصول کرنے کے بعد اپنے خطاب میں ڈاکٹر محمد عبدالكريم العیسیٰ نے نمل انتظامیہ اور پاکستانی عوام کی مہمان نوازی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس اعزاز کو اپنے لیے باعثِ فخر اور بڑی ذمہ داری قرار دیا۔

 انہوں نے عالمی امن اور امتِ مسلمہ کے اتحاد کے لیے پاکستان کے مثبت کردار اور ملکی قیادت کی کوششوں کو زبردست الفاظ میں سراہا۔

اس موقع پر ریکٹر نمل میجر جنرل (ر) شاہد محمود کیانی اور وزیرِ مملکت ڈاکٹر وجیہہ قمر  نے ڈاکٹر العیسیٰ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی نمل آمد پاک سعودی دیرینہ برادرانہ تعلقات اور علم، اعتدال و مکالمے کے مشترکہ عزم کی عکاس ہے۔

 تقریب کے اختتام پر معزز مہمان نے نمل کی وزیٹرز بک میں اپنے تاثرات قلم بند کیے اور شرکاء کے ساتھ یادگاری گروپ فوٹو بنوائی۔