خواتین کو معاشی و سماجی طور پر بااختیار بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے، شزا فاطمہ خواجہ

7

اسلام آباد، 13 جولائی (اے پی پی): وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزا فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ خواتین کو معاشی اور سماجی طور پر بااختیار بنانا وقت کا تقاضا ہے اور ان کا معیارِ زندگی بہتر بنانا موجودہ دور کی اہم ضرورت ہے۔

اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی 9ویں وزارتی کانفرنس برائے خواتین سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس اہم کانفرنس سے خطاب کرنا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو زندگی کے مختلف شعبوں میں کئی چیلنجز کا سامنا ہے تاہم حکومت ان کے حل اور خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔

شزا فاطمہ خواجہ نے کہا کہ طالبات کو اسکالرشپس اور لیپ ٹاپ کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے تاکہ انہیں تعلیم اور جدید ٹیکنالوجی تک بہتر رسائی حاصل ہو سکے۔

انہوں نے کہا کہ خواتین معاشرے کی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے خواتین کی بھرپور شمولیت ناگزیر ہے۔