وفاقی وزیرِ توانائی اویس لغاری کی قیادت میں پاکستانی وفد کی سعودی انرجی ورکنگ گروپ سے ملاقات، توانائی تعاون بڑھانے پر تفصیلی تبادلۂ خیال

6

ریاض، 13 جولائی (اے پی پی) : وفاقی وزیرِ توانائی سردار اویس احمد خان لغاری کی قیادت میں پاکستانی پاور سیکٹر کے اعلیٰ سطحی وفد نے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں سعودی انرجی ورکنگ گروپ سے اہم ملاقات کی، جس میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان توانائی کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے اور مشترکہ منصوبوں پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں دونوں برادر ممالک کے دیرینہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا گیا، جبکہ وفاقی وزیرِ توانائی نے سعودی وفد کو پاکستان کے پاور سیکٹر میں جاری جامع اصلاحاتی پروگرام پر تفصیلی بریفنگ بھی دی۔

وفاقی وزیرِ توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا ہے کہ حکومت پاور سیکٹر میں ادارہ جاتی اصلاحات، بہتر طرزِ حکمرانی، ڈیجیٹلائزیشن اور مالیاتی پائیداری کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے، جبکہ نجی شعبے کی مؤثر شمولیت اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے سازگار ماحول فراہم کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بجلی کی ترسیل کے شعبے میں سرمایہ کاری کے نمایاں مواقع موجود ہیں اور بڑھتی ہوئی بجلی کی طلب کے ساتھ صاف توانائی کے مؤثر انضمام کے لیے قومی ٹرانسمیشن گرڈ کی توسیع ناگزیر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جدید ٹرانسمیشن انفراسٹرکچر پاکستان کے توانائی کے مستقبل کی بنیادی ضرورت ہے۔

وفاقی وزیر نے سعودی وفد کو اسمارٹ میٹرنگ اور ایڈوانسڈ میٹرنگ انفراسٹرکچر (AMI) کے نفاذ پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ان اقدامات سے تکنیکی و تجارتی نقصانات میں کمی، بجلی کی تقسیم کے نظام کی کارکردگی میں بہتری اور صارفین کو زیادہ مؤثر، شفاف اور معیاری خدمات کی فراہمی ممکن ہوگی۔

اویس لغاری نے سعودی انرجی ورکنگ گروپ کو پاکستان کے دورے کی باضابطہ دعوت دیتے ہوئے کہا کہ سعودی وفد پاور سیکٹر میں جاری اصلاحات اور سرمایہ کاری کے ترجیحی منصوبوں کا براہِ راست جائزہ لے سکتا ہے۔

انہوں نے یقین دلایا کہ حکومتِ پاکستان سعودی سرمایہ کاروں اور شراکت داروں کو ہر ممکن سہولت اور مکمل تعاون فراہم کرے گی۔

ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب نے توانائی، سرمایہ کاری اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے، مشترکہ منصوبوں پر پیش رفت تیز کرنے، پائیدار اقتصادی ترقی، توانائی کے تحفظ اور علاقائی تعاون کے فروغ کے لیے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔