پاکستان کی معیشت استحکام کی راہ پر گامزن ہے،وزیراعظم شہباز شریف

8

اسلام آباد،15 جولائی (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف  نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت استحکام کی راہ پر گامزن ہے۔

 ایف بی آر اصلاحات پر جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ رواں سال معاشی ترقی اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کا سال ہوگا ۔

وزیراعظم نے اجلاس میں جاری اصلاحات اور ٹیکس نظام میں بہتری پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کاروباری برادری ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے،انہیں زیادہ پیداوار اور برآمدات کے فروغ کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے ۔

انہوں نے کہا کہ ایف بی آر کاروباری طبقے کے ساتھ تعاون اور ان کے جائز مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرے،ایف بی آر کےسینئر افسران ہر ماہ کے پہلے ہفتے میں کراچی کا دورہ کریں تاکہ کاروباری برادری سے براہِ راست رابطہ ہو اور ان کے مسائل بلاتاخیر حل ہوں جبکہ ٹیکس قوانین کی پابندی کرنے والی کمپنیوں کی سرکاری سطح پر حوصلہ افزائی اور ان کی خدمات کا اعتراف کیا جائے گا ۔وزیر اعظم  نے مزید کہا کہ حکومت کا مقصد کاروبار میں آسانی پیدا کرنا،سرمایہ کاری اور برآمدات کو فروغ دینا،اور ٹیکس نظام کو مزید شفاف اور آسان بنانا ہے تاکہ کاروباری برادری کا اعتماد بڑھے۔

اجلاس کو ایف بی آر کی کارکردگی اور جاری اصلاحات کے نفاذ کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ  میں بتایا گیا کہ شوگر،سیمنٹ، ٹوبیکو، ٹائلز اور فرٹیلائزرز کی صنعتوں کی پروڈکشن مانیٹرنگ سسٹم کی تنصیب ہو چکی ہے۔ اس کے علاوہ بتایا گیا کہ ٹیکسٹائل اور مشروبات کی صنعتوں کی پروڈکشن مانیٹرنگ کے نظام کی تنصیب کا عمل جاری ہے ۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران شوگر انڈسٹری میں پروڈکشن مانیٹرنگ کے ذریعے 42 بلین روپے کا اضافی ٹیکس اکٹھا ہوا،سیمنٹ انڈسٹری میں گزشتہ ایک سال کے دوران پروڈکشن مانیٹرنگ کے ذریعے 38 بلین روپے کا اضافی ٹیکس وصولی ہوئی جبکہ گزشتہ ایک سال کے دوران بیوریجز انڈسٹری میں پروڈکشن مانیٹرنگ کے ذریعے 15 بلین روپے کا اضافی ٹیکس اکٹھا ہوا ۔