اسلام آباد،15 جولائی(اے پی پی ): چیئرمین وزیرِاعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ عالمی یوتھ اسکلز ڈے نوجوانوں کو مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ مہارتیں فراہم کرنے کی اہمیت اجاگر کرتا ہے، جبکہ پاکستان کے نوجوان آبادی ملک کا سب سے قیمتی سرمایہ ہے جسے جدید مہارتوں سے آراستہ کرنا قومی ترجیح ہے۔
عالمی یوتھ اسکلز ڈے کے موقع پر اپنے پیغام میں رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ مالی سال کے وفاقی بجٹ میں نوجوانوں کی ترقی کے لیے خطیر فنڈز مختص کیے گئے ہیں، جن میں پرائم منسٹر یوتھ اسکلز ڈیویلپمنٹ پروگرام کے لیے بھی نمایاں حصہ رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے ذریعے لاکھوں نوجوانوں کو فنی اور پیشہ ورانہ تربیت فراہم کی جا چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیرِاعظم محمد شہباز شریف کا وژن ہے کہ نوجوان ملازمتیں تلاش کرنے والے نہیں بلکہ ملازمتیں پیدا کرنے والے بنیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیرِاعظم یوتھ پروگرام نوجوانوں کو ہنر، تعلیم، روزگار اور کاروباری مواقع فراہم کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہا ہے۔
رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ پرائم منسٹر یوتھ اسکلز ڈیویلپمنٹ پروگرام کے تحت مصنوعی ذہانت، بلاک چین، ڈیٹا سائنس اور دیگر جدید ٹیکنالوجیز کی تربیت فراہم کی جا رہی ہے تاکہ نوجوان مستقبل کی عالمی معیشت کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل مہارتوں اور فنی تربیت کا فروغ پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور ان کے لیے مساوی مواقع کی فراہمی کے اپنے عزم پر ثابت قدم ہے اور کوشش کی جا رہی ہے کہ ہر نوجوان کو ایسی مہارتیں میسر ہوں جو اسے ملکی اور عالمی سطح پر کامیاب بنائیں۔
چیئرمین وزیرِاعظم یوتھ پروگرام نے عالمی یوتھ اسکلز ڈے کے موقع پر ملک بھر کے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ایک ہنرمند، خوداعتماد، مضبوط اور ترقی یافتہ پاکستان کی تعمیر کے عزم کی تجدید کریں۔











