اسلام آباد، 15 جولائی ( اے پی پی): وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کی زیر صدارت پاکستان سول ایوارڈز کی ذیلی کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں قومی سطح پر نمایاں اور گراں قدر خدمات انجام دینے والے افراد کی موصولہ نامزدگیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران تمام نامزدگیوں پر میرٹ، شفافیت اور مقررہ پالیسی کے مطابق غور کیا گیا، جبکہ وفاقی وزیر نے ایوارڈز کے لیے خواتین، اقلیتوں، معذور افراد اور متناسب صوبائی نمائندگی کو ہر صورت یقینی بنانے پر خصوصی زور دیا۔
ویڈیو لنک کے ذریعے منعقدہ اس اجلاس میں تمام صوبوں کے نمائندوں اور چیف سیکرٹریز نے شرکت کی، جہاں ذیلی کمیٹی کے ارکان نے حقدار شخصیات کو سراہنے کے لیے نامزدگیوں کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔











