وفاقی وزیر اورنگزیب خان کھچی اور شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے سیکرٹری جنرل کے درمیان ثقافتی تعاون کے فروغ پر تبادلۂ خیال

7

 

اسلام آباد، 15 جولائی 2026: وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی نے بدھ کے روز وزارتِ قومی ورثہ و ثقافت میں شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے سیکرٹری جنرل نورلان یرمیکبایف سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ثقافتی تعاون کے فروغ، عوامی روابط کے استحکام اور 2027 میں پاکستان کی متوقع ایس سی او چیئرمین شپ کی تیاریوں پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

وفاقی وزیر نے سیکرٹری جنرل اور ان کے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا اور شنگھائی تعاون تنظیم کے مقاصد اور اصولوں کے لیے پاکستان کے غیرمتزلزل عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ثقافت امن، مکالمے اور باہمی ہم آہنگی کا مؤثر ذریعہ ہے۔

 انہوں نے وادیٔ سندھ کی تہذیب، گندھارا تہذیب، بدھ مت کے تاریخی ورثے، اسلامی طرزِ تعمیر اور پاکستان کی متنوع غیر مادی ثقافتی روایات کو ملک کا قیمتی اثاثہ قرار دیا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان “شنگھائی اسپرٹ” کے اصولوں پر مکمل یقین رکھتا ہے اور ثقافتی سفارت کاری خطے میں امن، ہم آہنگی اور تعاون کے فروغ کا مؤثر ذریعہ ہے۔

 انہوں نے آثارِ قدیمہ، عجائب گھروں، ثقافتی ورثے کے تحفظ، ثقافتی سیاحت، تخلیقی صنعتوں، دستکاری، فنونِ لطیفہ اور نوجوانوں کے ثقافتی تبادلوں کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان 2027 میں ایس سی او کی چیئرمین شپ سنبھالنے اور ایس سی او وزرائے ثقافت کے 24ویں اجلاس کی میزبانی کی تیاری کر رہا ہے۔ وفاقی وزیر نے بتایا کہ لاہور کو 2026-27 کے لیے ایس سی او ٹورازم اینڈ کلچرل کیپیٹل قرار دینے کی تجویز زیر غور ہے، جس کے تحت لاہور میں سال بھر ثقافتی سرگرمیوں کا جامع کیلنڈر ترتیب دیا جا رہا ہے، جبکہ اسلام آباد اور کراچی میں بھی اہم ثقافتی تقریبات منعقد کی جائیں گی۔

انہوں نے سیکرٹری جنرل کو آگاہ کیا کہ لاہور میں چار بڑے ثقافتی پروگرام منعقد کیے جائیں گے، جن کے ساتھ سال بھر مختلف نوعیت کی تقریبات بھی جاری رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں موجود ایس سی او رکن ممالک کے سفارت خانوں اور قونصل خانوں کو ثقافتی پرفارمنس، نمائشوں اور ثقافتی وفود کے ذریعے ان سرگرمیوں میں شرکت کی دعوت دی جائے گی۔

وفاقی وزیر نے سیکرٹری جنرل اور تمام رکن ممالک کو نومبر 2026 میں اسلام آباد میں منعقد ہونے والے سالانہ لوک ورثہ لوک میلے میں شرکت کی دعوت بھی دی۔ انہوں نے کہا کہ یہ میلہ ایس سی او ممالک کی دستکاری، لوک موسیقی، روایتی فنون اور ثقافتی تنوع کو اجاگر کرنے کا بہترین پلیٹ فارم ثابت ہوگا۔

 انہوں نے تجویز دی کہ میلے کا ایک خصوصی حصہ “شنگھائی اسپرٹ” اور علاقائی ثقافتی تعاون کے نام سے منسوب کیا جائے۔سیکرٹری جنرل نورلان یرمیکبایف نے وفاقی وزیر کو ایس سی او کے بدلتے ہوئے ایجنڈے سے آگاہ کیا اور ثقافت، سیاحت، تجارت اور عوامی روابط کے شعبوں میں تنظیم کے بڑھتے ہوئے تعاون پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے پاکستان کی آئندہ چیئرمین شپ کے لیے ایس سی او سیکرٹریٹ کی مکمل حمایت کا یقین دلایا اور پاکستان کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ علاقائی تعاون کے فروغ کے لیے نئی اور مؤثر تجاویز پیش کرے۔