آئی ایس پی آر کے زیراہتمام پاکستان بھر کے طلبا و طالبات کے لیے سمرکیمپ 2026 کا انعقاد

4

اسلام آباد،16 جولائی (اے پی پی): آئی ایس پی آر سمرکیمپ 2026 کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستان بھر کے 18 سے زائد اسٹیشنز سے 4 ہزار سے زائد طلبہ و طالبات شریک ہیں۔

سمرکیمپ کے دوران وائس چانسلر رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی ڈاکٹر انیس احمد نے شرکا کے ساتھ خصوصی نشست کی۔ اس نشست میں “پاکستان کے ماضی، حال اور مستقبل” اور “دو قومی نظریے” کے موضوع پر گفتگو کی گئی۔

وائس چانسلر ڈاکٹر انیس احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نظریہ پاکستان وہ فکری اساس ہے جس نے برصغیر کے مسلمانوں کو الگ شناخت اور آزاد وطن کے لیے متحد کیا۔ پاکستان کا آئین تمام اقلیتوں کو مکمل مذہبی، سماجی اور قانونی تحفظ فراہم کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی انتہا پسندانہ پالیسیوں اور اقلیتوں کے ساتھ ناروا سلوک نے بھارت کے نام نہاد سیکولر چہرے کو بھی مزید واضح کر دیا ہے۔ ڈاکٹر انیس احمد نے مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے مؤقف کو ہمیشہ اصولی، مستقل اور واضح قرار دیا۔

وائس چانسلر نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ تاریخ کے مطالعے، تحقیق اور مستند ذرائع کی مدد سے اپنی آزادانہ رائے قائم کریں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر مثبت تبدیلی کی بنیاد بنیں اور پاکستان کی تعمیرِ نو میں اپنا کردار ادا کریں۔

آئی ایس پی آر کا سمرکیمپ نوجوانوں کی صلاحیتیں نکھارنے اور قومی شعور کی بیداری کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے۔