ٹاسک فورس برائے بحری اصلاحات کے انقلابی اقدامات، پاکستان میں جہاز سازی صنعت کی بحالی کا آغاز

4

اسلام آباد، 16 جولائی (اے پی پی): وزیراعظم ٹاسک فورس برائے بحری اصلاحات کے تحت پاکستان کی جہاز سازی صنعت کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے انقلابی اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

کراچی شپ یارڈ کو کمرشل جہاز سازی میں مرکزی کردار سونپ دیا گیا ہے اور یہ پی این ایس سی کے لیے کمرشل جہاز تیار کرے گا۔ قومی شپ یارڈ کی جدید کاری، کمرشل جہاز سازی اور مرمت کو ترجیح دی جا رہی ہے۔

بین الاقوامی شپ یارڈز کے ساتھ جوائنٹ وینچرز کے لیے اقدامات تیز کر دیے گئے ہیں۔ جدید ٹیکنالوجی کے حصول اور عالمی آرڈرز لانے کی کوششیں بھی جاری ہیں۔

بحری شعبے کی ترقی کے لیے وزیراعظم ٹاسک فورس برائے بحری اصلاحات میں این ایل سی سمیت دیگر ادارے فعال کردار ادا کر رہے ہیں۔ ملکی جہاز سازی کے آرڈرز قومی شپ یارڈ کو دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس سے غیر ملکی شپ یارڈز پر انحصار کم ہوگا اور قیمتی زرِ مبادلہ کی بچت ہوگی۔

قومی شپ یارڈ کی بحالی سے انجینئرز اور ہنرمندوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ ملک بھر میں ہاربر کرافٹس کے معیار کو یکساں بنانے کی ہدایت بھی جاری کر دی گئی ہے۔

ماہرین کے مطابق پاکستان علاقائی شپ بلڈنگ ہب بننے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ بحری اصلاحات پاکستان کی معیشت اور بلیو اکانومی کے لیے نئے مواقع پیدا کریں گی۔

حکومت جہاز سازی صنعت کو قومی معاشی ترقی کا اہم ستون بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ شپ بلڈنگ سیکٹر کو قومی معاشی ترقی کا نیا انجن بنایا جائے گا اور جہاز سازی صنعت کی بحالی پاکستان کی بلیو اکانومی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گی۔