اسلام آباد، 16 جولائی ( اے پی پی): پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں منعقدہ نیشنل چیس چیمپئن شپ اختتام پذیر ہو گئی ہے جس میں ملک بھر سے 250 سے زائد کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔ مینز چیمپئن شپ کا ٹائٹل ایچ ای سی کے زمان سہیل نے اپنے نام کر کے قومی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا، جبکہ پنجاب کے ایم زرویز دوسرے اور ایچ ای سی کے اے آر اختر تیسرے نمبر پر رہے۔ وویمنز کیٹیگری میں پنجاب کی فریحہ صدیق نے میدان مار کر قومی چیمپئن کا تاج اپنے سر سجایا، جبکہ زینوبیہ واصف نے دوسری اور جویریہ نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب میں وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کامیاب کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔ اس موقع پر سیکریٹری وزارت آئی پی سی محی الدین وانی، پارلیمنٹری سیکرٹری برائے قومی ورثہ و کلچر فرح ناز اکبر، چیئرپرسن قائمہ کمیٹی کیبنیٹ سیکریٹریٹ نوشین افتخار ، صدر پاکستان چیس فیڈریشن ذیشان نقوی سمیت دیگر اہم سیاسی و سماجی شخصیات بھی موجود تھیں۔










