شمالی وزیرستان آپریشن میں اپنی دونوں ٹانگیں قربان کرنے والے غازی سپاہی محمد عزیر کا آبائی علاقے میں والہانہ استقبال

4

اسلام آباد،16جولائی (اے پی پی):  سندھ کے علاقے ٹنڈو اللہ یار سے تعلق رکھنے والے غازی سپاہی محمد عزیر نے شمالی وزیرستان آپریشن میں وطن کی خاطر اپنی دونوں ٹانگیں قربان کر دیں۔

10 مئی 2026 کو شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں خوارج کے بارودی دھماکے میں سپاہی محمد عزیر شدید زخمی ہو کر دونوں ٹانگوں سے محروم ہو گئے تھے۔ صحتیابی کے بعد جب وہ اپنے آبائی علاقے واپس پہنچے تو مقامی شہریوں نے ان کے لیے شاندار استقبالیہ ریلی کا اہتمام کیا۔

ریلی میں شہریوں، بزرگوں، نوجوانوں اور بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ لوگوں نے قومی پرچم اٹھا کر پاک فوج سے اپنی والہانہ محبت کا اظہار کیا۔ شرکاء نے “پاکستان زندہ باد” اور “پاک فوج زندہ باد” کے فلک شگاف نعرے لگاتے ہوئے غازی سپاہی محمد عزیر کے جذبے کو سلام پیش کیا۔

ریلی میں شہداء اور غازیوں کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ بھی کیا گیا کہ قوم مسلح افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی رہے گی۔

یہی وہ عزت، محبت اور احترام ہے جو قوم اپنے شہداء اور غازیوں کو پیش کرتی ہے۔ یہ وہ سرمایہ ہے جسے نہ تنخواہوں سے خریدا جا سکتا ہے اور نہ ہی دولت سے حاصل کیا جا سکتا ہے۔