عرب جمہوریہ مصر کے قومی دن کی اسلام آباد میں تقریب،وفاقی وزیرِ جام کمال خان کی بطور مہمانِ خصوصی شرکت

5

اسلام آباد، 17 جولائی (اے پی پی):عرب جمہوریہ مصر کے قومی دن کی پروقار تقریب اسلام آباد میں منعقد ہوئی جس میں وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں سفرا، ہائی کمشنرز، اعلیٰ سرکاری حکام اور سفارتی برادری کے نمائندے بھی شریک ہوئے۔ اس موقع پر وفاقی وزیرِ تجارت نے مصر کی حکومت اور عوام کو قومی دن کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان مصر کے ساتھ اپنے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔

جام کمال خان نے کہا کہ پاکستان اور مصر کے تعلقات مشترکہ اقدار، باہمی احترام اور دیرینہ دوستی پر قائم ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ دونوں ممالک کو روایتی تجارت سے آگے بڑھ کر اسٹریٹجک اقتصادی شراکت داری، مشترکہ سرمایہ کاری، پیداوار، ٹیکنالوجی تعاون اور مشترکہ ویلیو چینز کے فروغ پر توجہ دینی چاہیے تاکہ روزگار، صنعتی استعداد اور برآمدات میں اضافہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ مصر افریقی، عرب اور بحیرۂ روم کی منڈیوں کے لیے اہم مرکز ہے جبکہ پاکستان جنوبی ایشیا کی بڑی پیداواری اور سرمایہ کاری منڈی فراہم کرتا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ مصری کمپنیوں کی پاکستان کے توانائی، رئیل اسٹیٹ، مالیاتی اور ٹیلی کمیونیکیشن شعبوں میں سرمایہ کاری خوش آئند ہے،جبکہ پاکستانی کمپنیاں بھی مصر میں تجارت اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مصر کو خام مال، تیار مصنوعات اور صنعتی سامان فراہم کرسکتا ہے، جبکہ مصر توانائی، معدنیات، زرعی مصنوعات، کیمیکلز، کھاد اور طبی آلات کے شعبوں میں اہم شراکت دار بن سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دوطرفہ تعاون سے نئی علاقائی منڈیوں تک رسائی کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

جام کمال خان نے پاکستان کے صحت کے شعبے میں مصر کے تعاون اور غزہ کے لیے پاکستانی انسانی امداد کی ترسیل میں مصر کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان مصر کے علاقائی امن، استحکام اور دفاعی تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مصر کو ایک اہم اسٹریٹجک اقتصادی شراکت دار سمجھتا ہے اور دونوں ممالک سرمایہ کاری، صنعتی ترقی، رابطہ کاری اور مشترکہ خوشحالی کے فروغ کے وسیع مواقع رکھتے ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں مصر کے سفیر ڈاکٹر ایہاب محمد عبدالحمید نے کہا کہ مصر اور پاکستان کے درمیان گہری، دیرینہ اور کثیرالجہتی دوستی قائم ہے جو باہمی احترام،مشترکہ اقدار اور برادرانہ تعلقات پر مبنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ برسوں میں اعلیٰ سطح کے تبادلوں سے دونوں ممالک کے تعلقات کو نئی رفتار ملی ہے اور دونوں قیادتیں اس شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کے لیے پُرعزم ہیں۔

مصری سفیر نے کہا کہ تجارت، سرمایہ کاری، ادارہ جاتی روابط اور عوامی تعلقات کو مزید فروغ دیا جائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مضبوط پاک مصر شراکت داری دونوں ممالک کے لیے ترقی، خوشحالی اور مشترکہ کامیابی کا ذریعہ بنے گی۔