مصنوعی ذہانت پائیدار ترقی، جدت اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے، رانا مشہود احمد خان

5

نیویارک ،17جولائی(اے پی پی): وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے اقوامِ متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (یو این ڈی پی) کے فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مصنوعی ذہانت پائیدار ترقی، جدت اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت دنیا بھر میں معیشتوں اور معاشروں کو نئی شکل دے رہی ہے، تاہم اس بات کو یقینی بنانا ضروری ہے کہ یہ ٹیکنالوجی عدم مساوات کا سبب بننے کے بجائے ترقی اور مواقع تک رسائی کا ذریعہ بنے۔ ان کا کہنا تھا کہ ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز تک سب کی مساوی رسائی یقینی بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ کوئی بھی نوجوان ڈیجیٹل دور میں پیچھے نہ رہ جائے۔

رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ پاکستان کی نوجوان آبادی ملک کا قیمتی سرمایہ ہے، جو جدت، کاروباری صلاحیتوں اور قومی ترقی کو آگے بڑھانے کی بھرپور استعداد رکھتی ہے۔ انہوں نے حکومتِ پاکستان کی جانب سے نوجوانوں کے لیے ڈیجیٹل مہارتوں کی تربیت، فنی تعلیم، مصنوعی ذہانت کی استعداد بڑھانے اور ڈیجیٹل یوتھ ہب جیسے اقدامات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ان منصوبوں کا مقصد نوجوانوں کو مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ بنانا اور انہیں جدید معیشت میں مؤثر کردار ادا کرنے کے قابل بنانا ہے۔