وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد چیمہ کی زیرِ صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس، مارکیٹ کی مجموعی صورتحال کا جائزہ

6

اسلام آباد،20جولائی(اے پی پی) وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد چیمہ کی زیرِ صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ملک میں گندم کے اسٹاک اور مارکیٹ کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کے دوران صوبائی نمائندوں نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ملک بھر میں گندم کی مارکیٹ مستحکم ہے۔ انہوں نے آگاہ کیا کہ مارکیٹ میں استحکام برقرار رکھنے کے لیے متعلقہ ادارے مسلسل اقدامات کر رہے ہیں۔وفاقی وزیر احد چیمہ نے کہا کہ پاسکو معاہدوں کے مطابق تمام صوبوں کو گندم کے اسٹاک جاری کیے جائیں گے، جبکہ ضرورت کے مطابق اضافی اسٹاک بھی فراہم کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے اجلاس کو بتایا کہ پاسکو گندم کی ہموار فراہمی یقینی بنانے کے لیے صوبائی حکومتوں کے ساتھ بھرپور تعاون کر رہا ہے۔

اجلاس کے اختتام پر احد چیمہ نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں مارکیٹ کے استحکام، گندم کی بروقت فراہمی اور کسانوں کے تحفظ کے لیے باہمی تعاون سے کام کر رہی ہیں۔

اجلاس میں وفاقی وزیر رانا تنویر حسین سمیت چاروں صوبوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔