آئی ایس ایس آئی، پیڈار کے تعاون سے جنوبی افریقہ کے قومی دن اور نیلسن منڈیلا ڈے کی تقریب کا انعقاد

6

اسلام آباد، 21 جولائی ( اے پی پی): انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز اسلام آباد (آئی ایس ایس آئی) کے سینٹر فار افغانستان، مڈل ایسٹ اینڈ افریقہ (سی اے ایم ای اے) نے پاکستان افریقہ انسٹی ٹیوٹ فار ڈیولپمنٹ اینڈ ریسرچ (پیڈار) کے تعاون سے جنوبی افریقہ کے قومی دن اور نیلسن منڈیلا انٹرنیشنل ڈے کی مناسبت سے تقریب کا انعقاد کیا ، جس میں ڈائریکٹر جنرل سفیر معین الحق، پاکستان میں جنوبی افریقہ کے قائم مقام ہائی کمشنر روڈولف پیئر جارڈن، ایڈیشنل فارن سیکرٹری حامد اصغر خان، سینیٹر مشاہد حسین سید، پاکستان کے ہائی کمشنر محمد فاروق، چیئرمین  خالد محمود اور ڈائریکٹر ڈاکٹر آمینہ خان نے خطاب کرتے ہوئے نیلُسن منڈیلا کی جدوجہد، مصالحت اور عالمی امن کے لیے ان کی خدمات کو شاندار خراجِ تحسین پیش کیا۔

 تقریب کے شرکاء نے اپارتھائیڈ (نسلی امتیاز) کے خلاف افریقی عوام کی جدوجہد میں پاکستان کی تاریخی، سفارتی اور مالی حمایت کا اعادہ کیا، جبکہ مقررین نے بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح اور نیلُسن منڈیلا کی قیادت کے مشترکہ اصولوں، آزادی، مساوات اور پاکستان و جنوبی افریقہ کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور تعلیمی شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔