اسلام آباد۔23جولائی (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اجناس ذخیرہ کرنے کے مراکز کو جدید بنانے کے منصوبے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان بزنس ٹو بزنس شراکت داری سے دونوں ممالک کے دوستانہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے ۔ وہ چینی کمپنی فیمسن کے چیف ایگزیکٹو افسر جیک چین سے گفتگو کر رہے تھے جنہوں نے جمعرات کو یہاں وفد کے ہمراہ ان سے ملاقات کی ۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے وفد کا پاکستان آمد پر خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین مثالی دوست ہیں جن کے درمیان معاشی شراکت داری اور دوستانہ تعلقات وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان بزنس ٹو بزنس شراکت داری سے یہ دوستی مزید مستحکم ہو گی ۔
وزیر اعظم نے چینی کمپنی کا پاکستان میں اجناس کے سٹوریج کے مراکز کو سٹیٹ آف آرٹ مراکز میں تبدیل کرنے کے منصوبے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے سے ملک میں زراعت کے سیکٹر میں جدید ترین ٹیکنالوجی آئے گی اور تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ پاکستان کی ہنرمند اور تربیت یافتہ افرادی قوت سے ان منصوبوں میں استفادہ کیا جائے۔
جیک چین نے پاکستان میں پرتپاک میزبانی پر وزیراعظم اور حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے وزیراعظم سے ان کے حالیہ دورہ چین کے دوران اپنی ملاقات کا بھی ذکر کیا جس کے نتیجے میں وہ پاکستان کا دورہ کررہے ہیں اور غذائی تحفظ کے حوالے سے قابل عمل منصوبے پر بات چیت کی جارہی ہے۔جیک چین نے کہا کہ فیمسن پاکستان میں غذائی تحفظ کے حوالے سے بہتر سٹوریج مراکز، ٹیکنالوجی ٹرانسفر اور تربیت فراہم کرنے میں دلچسپی رکھتی ہے۔
وزیراعظم کو بتایا گیا کہ فیمسن پاکستان میں گرین سائلوز کے قیام کے حوالے سے ڈیمانسٹریشن سینٹر قائم کرے گی ، سٹوریج سینٹرز کو جدید گرین سائلوز میں بدلا جائے گا ، اس سلسلے میں فیمسن اور گرین پاکستان انیشئیٹو کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہو چکے ہیں ۔ ملاقات میں وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ رانا تنویر حسین، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی، معاون خصوصی ہارون اختر اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران بھی موجود تھے۔ واضح رہے کہ فیمسن زراعت، جانوروں کی خوراک اور فوڈ پراسیسنگ کے حوالے سے چین کی بڑی کمپنیوں میں شمار ہوتی ہے۔











